پاکستان میں جہادی تنظیموں اور کلچر کیلئے کوئی جگہ نہیں : عمران خاں

’این ڈی اے حکومت پاکستان کیخلاف نفرت کی بنیاد پر انتخابات جیتنا چاہتی ہے‘
اسلام آباد ۔ 22 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے وزیراعظم عمران خاں نے کہا کہ پاکستان میں جہادی تنظیموں اور جہادی کلچر کیلئے کوئی جگہ نہیں ہے۔ جموں و کشمیر کے پلوامہ میں جیش محمد کے مبینہ حملے کے بعد دہشت گردی پر قابو پانے پاکستان پر بڑھتے ہوئے عالمی دباؤ کے درمیان عمران خان کا یہ بیان منظرعام پر آیا ہے۔ عمران خان نے اپنے ملک کے سینئر جرنلسٹوں اور مدیران جرائد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کی این ڈی اے حکومت دراصل پاکستان کے خلاف نفرت کی سیاست کی بنیاد پر عام انتخابات میں جیت حاصل کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ہندوستان میں انتخابات کے اختتام تک لائن آف کنٹرول پر سیکوریٹی خطرات لاحق رہیں گے اور اپنے ملک پر زور دیا کہ وہ ہمہ وقت چوکس رہیں۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ اس ملک (پاکستان) کے مسلح افواج ہمیشہ تیار رہیں اور کسی فوجی جارحیت کی صورت میں منہ توڑ جواب دیں گے۔