پاکستان میں آج ضمنی انتخابات ۔ سخت سکیوریٹی انتظامات

اسلام آباد 13 اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان میں اتوار کو قومی اسمبلی کی 11 اور صوبائی اسمبلیوں کی 24 نشستوں کیلئے ہونے والے ضمنی انتخابات کیلئے پولنگ اسٹیشنوں کا کنٹرول پاکستان کی فوج نے سنبھال لیا ہے ۔ پنجاب میں قومی اسمبلی کی نو نشستوں کیلئے اور سندھ اور خیبر پختونخواہ میں ایک ایک نشست کیلئے اور صوبائی اسمبلی کی 24 نشستوں کیلئے تمام تیاریاں مکمل ہوگئی ہیں۔ یہ اسمبلی نشستیں 11 پنجاب میں ‘ 9 خیبر پختونخواہ میںاور سندھ و بلوچستان میں دو دو ہیں۔ بیشتر نشستیں ان امیدواروں نے خالی کی ہیں جو ایک سے زائد نشست سے عام انتخابات میں کامیاب ہوئے تھے جو 25 جولائی کو منعقد ہوئے تھے ۔ وزیر اعظم عمران خان پانچ نشستوں سے منتخب ہوئے تھے اور انہوں نے چار نشستیں چھوڑ دی ہیں اور یہاں بھی انتخابات ہو رہے ہیں۔ بالکل پہلی مرتبہ غیر مقیم پاکستانی بھی رائے دہی میں حصہ لینگے ۔ اس کیلئے انہیں آن لائین پورٹل کی سہولت فراہم کی گئی ہے جو الیکشن کمیشن پاکستان نے تیار کیا ہے ۔ ان ضمنی انتخابات کیلئے 7,489 پولنگ بوتھس قائم کئے گئے ہیں اور ان پر ہزاروں سکیوریٹی اہلکار متعین کئے گئے ہیں تاکہ رائے دہی کے عمل کو پرسکون اور پرامن بنایا جاسکے ۔ الیکشن کمیشن پاکستان کی جانب سے1,727 پولنگ بوتھس کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے اور یہاں بھی سکیوریٹی کے خصوصی انتظامات کئے جا رہے ہیں۔ یہاں سکیوریٹی کیمرے بھی نصب کئے گئے ہیں۔ ان میں 848 بوتھس پنجاب میں 544 بوتھس خیبر پختونخواہ میں 210 سندھ میں اور 134 بلوچستان میں واقع ہیں۔ فوجوں کی تعیناتی کا عمل جمعہ کو شروع ہوا تھا اور 15 اکٹوبر تک یہ دستے پولنگ ڈیوٹی پر رہیں گے ۔ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کو ٹالنے کیلئے فوجی اہلکاروں کو پولنگ بوتھس کے اندر اور باہر متعین کیا جائیگا ۔ نامزد فوجی عہدیداروں کو فرٹس کلاس مجسٹریٹ کے اختیارات دئے گئے ہیں تاکہ جو لوگ تلبیس شخصی کے مرتکب ہوں ان کے خلاف کارروائی کی جاسکے اور بوتھس پر قبضوں کے واقعات کو روکا جاسکے ۔ انتخابات میں سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور کچھ دوسرے وزرا بھی حصہ لے رہے ہیں۔