پاکستان :سخت تر نظریات کے حامی خادم رضوی زیرحراست

اسلام آباد ؍ لاہور۔ 24 نومبر ۔(سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی پولیس نے جمعے کی شب سخت ترین موقف کے حامل مذہبی رہنما خادم حسین رضوی کو حراست میں لے لیا ہے۔ رضوی ہی کی جماعت تحریک لبیک نے توہین رسالت کے مقدمے سے بری ہونے والی مسیحی خاتون آسیہ بی بی کی رہائی پر ملک بھر میں پرتشدد مظاہرے کیے تھے۔ پاکستانی وزیراطلاعات فواد چودھری نے ایک ٹویٹ کے ذریعے خادم رضوی کو حراست میں لینے کی اطلاع دی۔ انہوں نے بتایا کہ خادم رضوی کو حفاظتی حراست میں لے کر ایک گیسٹ ہاؤس منتقل کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے لکھا کہ اس اقدام کا اور آسیہ بی بی معاملے کا آپس میں کوئی تعلق نہیں ہے۔لاہورسے موصولہ اطلاع کے بموجب تحریک لبیک پاکستان کی قیادت کی گرفتاری کے بعد ٹی ایل پی کے خلاف ملک بھر میں چھاپا مار کارروائیاں اور گرفتاریاں جاری ہیں۔ اطلاعات کے مطابق مختلف شہروں اور مقامات سے 500 سے زیادہ رہنماؤں اور عہدیداروں کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ گرفتار کئے جانے والوں میں مساجد کے ائمہ اور خطیب بھی شامل ہیں جبکہ کریک ڈاؤن کے بعد تحریک لبیک، سنی تحریک اور ان کی حامی مذہبی جماعتوں کے بہت سے سرگرم رہنما اور کارکنان روپوش ہوگئے ہیں۔ واضح رہے کہ تحریک لبیک پاکستان کی جانب سے 25 نومبر اتوار کواسلام آباد کے اہم علاقے فیض آباد میں تحفظ ناموس رسالت جلسے کا اعلان کیا گیا تھا۔
اس احتجاجی جلسے کے پیش نظر مختلف مقامات پر پولیس نے کنٹینرز لگا کر رکاوٹیں کھڑی کردی ہیں اور سیکیورٹی کے لیے بھاری نفری تعینات کی گئی ہے۔