پاکستان دشمن کی تمام چالوں کو اچھی طرح سمجھتا ہے : جنرل راحیل شریف

اسلام آباد۔2ستمبر(یو این آئی) پاکستان کے فوجی سربراہ جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ ہم دشمن کی چالوں کو اچھی طرح سمجھ چکے ہیں اور اپنی سلامتی کو یقینی بنانے کے لئے ہر قدم اٹھائیں گے ۔جنرل راحیل شریف نے گلگت۔ بلتستان میں ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دشمنوں کے ناپاک منصوبوں سے واقف ہے اور سلامتی کو یقینی بنانے کے لئے ہر قدم اٹھائے گا۔پاکستانی آرمی چیف نے کہا کہ ’مودی‘ہو، ’را‘ہو یا کوئی اور، ہم دشمن کی چالوں کو اچھی طرح سمجھ چکے ہیں، لیکن وہ پورے یقین کے ساتھ کہہ سکتے ہیں کہ صحیح سمت میں جارہے ہیں، آپریشن ‘ضرب عضب’ میں پیشرفت ہو رہی ہے اور کرپشن اور دہشت گردی کے گٹھ جوڑ کو ہر قیمت اور ہر سطح پر توڑیں گے ۔پاک۔ چین اکنامک کوریڈور (سی پیک) کے سمینار سے خطاب کرتے ہوئے جنرل راحیل شریف نے کہا کہ دنیا چاہے کچھ بھی سمجھے لیکن ہم اپنی بقا کی جنگ لڑ رہے ہیں، جبکہ دہشت گردی کے طوفان پر جس طرح قابو پایا دنیا میں کوئی اور نہیں کرسکا۔انہوں نے کہا کہ فوج پوری قوم کی بھلائی کے لئے کام کر رہی ہے ، نوجوانوں کو بتانا چاہتا ہوں کہ پاکستانی فوج آپ کی فوج ہے ، ملک اور سرحدیں بالکل محفوظ ہیں اور ملکی سلامتی کے لئے آخری حد سے بھی آگے جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ وہ گلگت ۔ بلتستان کو بہت اچھی طرح جانتے ہیں، اس میں کوئی شک نہیں کہ گلگت ۔ بلتستان کے لوگوں سے زیادہ جفاکش کوئی نہیں، جبکہ چینی قیادت بھی گلگت۔ بلتستان کو ارمچی کی طرح ترقی دینا چاہتی ہے ۔یاد رہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے 15 اگست کو یوم آزادی کی تقریب سے خطاب میں پاکستان کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا بلوچستان۔ گلگت اور پاک مقبوضہ کشمیر کے لوگوں نے ہمارا شکریہ ادا کیا۔