پاکستان بحرانوں سے نکل گیا ہے: وزیراعظم

لاہور10 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان اب بحرانوں سے نکل گیا ہے اسے ڈیفالٹ ہونے سے بچانے کے لئے اقدامات کیے گئے ہیں۔ صوبائی دارالحکومت میں شیلٹر ہوم کا سنگِ بنیاد رکھنے کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِاعظم کا کہنا تھا کہ جو لوگ پسماندہ علاقے سے ہوتے ہیں وہی ضروریات کی قدر کو سمجھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ میں نے ایسے شخص کو وزیرِ اعلیٰ بنانے کا فیصلہ کیا جس کا گھر صوبے کے پسماندہ ترین علاقے سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں وزیرِ اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو صوبے میں شیلٹر ہوم کے سنگِ بنیاد پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔خطاب کے دوران وزیرِ اعظم نے کہا کہ ’سوشل میڈیا پر جاری ایک ویڈیو دیکھی جس میں ایک شخص نامساعد حالات میں اپنے بچوں کی کفالت کر رہا ہے‘۔ انہوں نے ویڈیو کے بارے میں مزید کہا کہ جو اس مزدور کے ساتھ ایسا کر رہے ہیں وہ انسانیت سوز سلوک کر رہے ہیں۔ وزیرِ اعظم نے لاہور میں شیلٹر ہوم کے قیام کے سلسلے میں کہا کہ ہم نے وزیرِ اعلیٰ پنجاب سے کہا تھا کہ بے گھر لوگوں کو سہارا دینے کے لئے ایک پناہ گاہ بنائی جائے گی تاکہ دن بھر کام کرنے والے بے گھر مزدور یہاں قیام کر سکیں۔وزیرِ اعظم نے کہا کہ جو لوگ لاہور میں کام کر رہے ہیں وہ زیادہ تر شہر کے باہر سے یہاں روزی کمانے کے لئے آئے ہوئے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ملک میں کام صرف وسائل سے ہی نہیں ہوتے بلکہ ان کے لئے عزم کی بھی ضرورت ہوتی ہے۔وزیرِ اعظم نے کہا کہ حکومت ایک ایسا پیکیج لے کر آرہی ہے جس کے تحت پورے ملک سے غربت کا خاتمہ کیا جائے جس کے لئے فلاحی کام کرنے والے ادارے ایک چھتری کے نیچے کام کریں گے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت کے ابتدائی 100 روز میں غربت کے خاتمے سے متعلق اقدامات ترجیحی بنیادوں پر ہیں۔وزیرِ اعظم نے کہا کہ پاکستان ایک ایسی ریاست بنے گی جو پوری مسلم دنیا میں ایک مثال بنے گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اب بحرانوں سے نکل گیا ہے، اسے ڈیفالٹ ہونے سے بچانے کے لئے اقدامات کیے گئے ہیں۔