پاکستانی کرنسی سے نحوست دور کرنے کیلئے کرنسی سے جناح کی تصویر ہٹانے کا مطالبہ ، کعبہ کے عکس شائع کی صلاح 

کراچی : اب پاکستان میں بھی محمد علی جناح کے خلاف آواز بلند ہونے لگی ہے اور کرنسی پر سے ان کی تصویر کو ہٹا نے کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔اس ضمن میں کراچی کے لوگوں کا کہنا ہے کہ اسلام میں جاندار کی تصویر کشی منع ہے ۔ جب کہ تصویر کشی و مجسمہ سازی کاعمل بت پرستی کے مترادف ہے اور پاکستانی کرنسی پر کسی فرد وشخصیت کی تصویر کی موجودگی پاکستان کے اسلامی تشخص کی نفی کرتی ہے ۔

اس لئے پاکستانی کرنسی سے بانی پاکستان کی تصویر ہٹا کر کرنسی نوٹوں اور سکوں پر خانہ خدا ’’ کعبۃ اللہ ‘‘ کا عکس شائع کیاجائے ۔ گجراتی قومی موومنٹ کے چیر مین گجراتی سرکار عرفان سولنگی عرف پٹی والا نے پاکستانی کرنسی کی کم ہوتی قدر ملک میں بڑھتی ہوئی رشوت ستانی و معاشی تباہی کا روحانی حل پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی کرنسی سے جناح کی تصویر ہٹاکر نوٹوں او رسکوں پر خانہ کعبہ کا عکس لانے سے پاکستانی کرنسی نحوست سے محفوظ اور اللہ کی رحمتوں او ربرکتوں کا حقدار ہوجائے گی ۔

جب کہ خانہ کعبہ کے عکس کی کرنسی نوٹوں وسکوں پر موجودگی کرنسی کو پاکستانیوں او رمسلمانوں میں معتبر ٹھہرائے گی ۔ جس سے پاکستان میں رشوت ستانی ، بد عنوای ، کرنسی کے باجائز استعمال ، کرنسی کے بے جا استعمال ، اسراف ، فضول خرچی ، نمود و نمائش اور کرنسی سے وابستہ و منسلک دیگر لغویات کی شرح میں از خود کمی آئے گی ۔ اور یہ پاکستان سے معاشی بد حالی کے خاتمہ کا سبب ہوگی ۔ا س لئے فوری طو ر پر پاکستانی کرنسی سے جناح کی تصویر ہٹاکر بانی پاکستان کی بے توقیری کا خاتمہ کیا جائے او رکرنسی پر کعبہ کے عکس شائع کر کے کرنسی کو بابرکت بنانے پر توجہ دی جائے ۔