پاکستانی وزیر کی حافظ سعید کے ساتھ ایک ہی شہ نشین پر موجودگی پر تنازعہ

واشنگٹن ۔ 4 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے کابینی وزیرنورالحق قادری کو اس وقت انتہائی محتاط رہنے کی ضرورت تھی جب موصوف 2008ء ممبئی حملوں کے ماسٹر مائنڈ حافظ سعید کے ساتھ ایک ہی شہ نشین پر تشریف فرما تھے۔ پاکستان کے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے یہ بات کہی جو دراصل جاریہ ہفتہ اپنے وزارتی رفیق کے ذریعہ کی گئی فاش غلطی کا اعتراف کررہے تھے۔ واشنگٹن میں ایک تقریب کے دوران اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ وطن واپس جاکر وہ نورالحق قادری صاحب سے یہ ضرور پوچھیں گے کہ انہوں نے ایسی غلطی کیوں کی؟ تاہم مجھ سے کہا گیا ہیکہ وہ ایک ایسی تقریب تھی جہاں کشمیر کی صورتحال کو اجاگر کرنا اہم مقصد تھا۔ اسلام آباد میں ایک اجلاس کے دوران نورالحق قادری بھی اسی شہ نشین پر تشریف فرما تھے جس پر لشکرطیبہ کے سربراہ حافظ سعید بھی بیٹھے ہوئے تھے۔ بہرحال، یہ کہنا بھی درست ہوگا کہ اگر قادری صاحب حافظ سعید کے ساتھ شہ نشین پر موجود تھے، اس کا مطلب یہ نہیں کہ وہ حافظ سعید کے نظریات کی تائید کرتے ہیں۔ یاد رہے کہ اتوار کے روز اسلام آباد میں دفاع پاکستان کونسل کی جانب سے منعقدہ آل پارٹی کانفرنس میں حافظ سعید سے کچھ ہی فاصلے پر شہ نشین پر قادری صاحب بھی بیٹھے ہوئے تھے جس پر ہر گوشے سے اعتراضات کئے گئے تھے۔