پاکستانی میزائل ’’نصر‘‘ کی کامیاب آزمائشی پرواز

اسلام آباد ۔ 5 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان نے آج مختصر فاصلاتی زمین سے زمین پر وار کرنے والے بین البراعظمی میزائل ’’نصر‘‘ کی کامیاب آزمائشی پرواز کی۔ سربراہ پاکستانی فوج جنرل قمر جاوید باجوا نے کہا کہ ہندوستانی فوج کے نظریہ پر اس کامیاب آزمائشی پرواز میں پانی پھیر دیا ہے۔ نصر ایک بالکل درست وار کرنے والا ہتھیاروں کا نظام ہے جس کو عاجلانہ کارروائیوں کی صورت میں استعمال کیا جاسکتا ہے۔ جاریہ ہفتہ نئے میزائل نصر کے دائرہ کار میں اضافہ کرکے اسے 60 تا 70 کیلو میٹر پرواز کرنے کے قابل بنانے کیلئے اس کے تکنیکی معیاروں کی تربیت کا انعقاد کیا گیا تھا۔ اس موقع پر تقریر کرتے ہوئے جنرل باجوا نے کہا کہ ہر قیمت پر جنگ سے گریز ضروری ہے۔ ہم پڑوسی ملک کے جارحانہ فوجی عزائم کے انسداد کیلئے امن کی طمانیت چاہتے ہیں۔ انہوں نے مذاکرات کے ذریعہ امن کے قیام کی حکومت کی کوشش کی بھرپور تائید کا اعلان کیا۔