پاکستانی سرزمین سے کسی بھی دہشت گرد کارروائی کی اجازت نہیں

میری حکومت مذہبی اقلیتوں کے تحفظ کی پابند عہد ، وزیراعظم عمران خاں کا خطاب

اسلام آباد ۔ 9 ۔ مارچ : ( سیاست ڈاٹ کام ) : وزیراعظم پاکستان عمران خاں نے کہا کہ کسی بھی فرد یا تنظیم کو دہشت گرد کارروائیاں انجام دینے کے لیے پاکستان کی سرزمین کو استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سرزمین کو کسی دوسرے ملک میں دہشت گرد حملوں کے لیے استعمال کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔ صوبہ سندھ کے ضلع طہر میں جمعہ کے دن اپنے وزیراعظم بننے کے بعد سے پہلے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت ملک بھر میں مذہبی اقلیتوں کے تحفظ کے لیے مکمل طور پر پابند ہے ۔ وزیراعظم عمران خاں نے مزید کہا کہ ان کی حکومت ملک کے بانی بابائے قوم محمد علی جناح کی تعلیمات پر عمل کررہی ہے ۔ جنہوں نے پاکستان میں تمام نسلوں اور مذاہب کے مکمل تحفظ کو یقینی بنانے پر زور دیا تھا ۔ عمران خان کا یہ خطاب اس وقت سامنے آیا جب کہ عالمی سطح پر پاکستان پر دباؤ ڈالا جارہا ہے کہ وہ دہشت گردی کے خلاف سخت کارروائی کرے اور انتہا پسند گروپس کو اپنی سرزمین استعمال کرنے کی اجازت نہ دے ۔ پاکستان کے حکام نے جمعرات کے دن حافظ سعید کی تعلیم کے لاہور ہیڈکوارٹرس کو اپنے کنٹرول میں لے کر مہر بند کردیا تھا ۔ جماعت الدعوۃ کی قیادت ممبئی حملوں کے اصل سازشی ذہن حافظ سعید کررہے ہیں اور ان کے خیراتی اداروں کو بھی پاکستانی حکومت نے مہر بند کیا ہے ۔ حکام نے زائد از 120 مشتبہ دہشت گردوں کو گرفتار کیا ہے ۔ جماعت الدعوۃ اور فلاح انسانیت فاونڈیشن سے تعلق رکھنے والے انتہا پسندوں کے خلاف کارروائی کی جارہی ہے ۔ ان دونوں تنظیموں کی جائیدادوں کو بھی قرق کرلیا گیا ہے ۔۔