پاکستانی اداکاروں پر پابندی کی مخالفت

اپنے ہی دوست سلمان خان پر راج ٹھاکرے کی تنقید
ممبئی ۔ یکم اکٹوبر (سیاست نیوز) مہاراشٹرا نونرمان سینا کے سربراہ راج ٹھاکرے نے آج ہندوستان میں پاکستانی اداکاروں پر پابندی کی مخالفت کرنے پر بالی ووڈ اسٹار سلمان خان کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہاکہ ہماری سرحدوں پر متعین سپاہی حقیقی گولیوں (رئیل بولٹس)کا سامنا کرتے ہیں جوکہ فلمی اداکاروں کی طرح مصنوعی نہیں ہوتی ہیں۔ سلمان خان کے ریمارکس پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے راج ٹھاکرے نے کہاکہ ہمارے سپاہیوں کی پاکستانی فوجیوں کے ساتھ شخصی مخاصمت نہیں ہے اور ہمارے سپاہی جن گولیوں (فائرنگ) کا مقابلہ کرتے ہیں وہ مصنوعی یا فلمی انداز کی طرح نہیں ہوتے اور سلمان بھی گولی کھاکر صحیح سلامت دوبارہ اُٹھ جاتے ہیں۔ ایم این ایس صدر نے کہاکہ میں بھی ایک آرٹسٹ ہوں اور فنکار آسمان سے نازل نہیں ہوتے۔ جبکہ پاکستانی اداکاروں نے اُری (کشمیر) میں دہشت گردانہ حملہ کی مذمت سے انکار کردیا ہے۔ انھوں نے سوال کیاکہ ہمارے اداکاروں کو ان کی (پاکستان) حمایت کرنے کی ضرورت کیوں آئی؟ انھوں نے کہاکہ اس وقت سرحدوں پر کیا ہوگا جب ہمارے سپاہی ہتھیار بازو رکھتے ہوئے غلام علی کو سننے لگیں گے۔ ہمارے سپاہی کوئی خدمت گذار نہیں بلکہ ہمارے محافظ ہیں۔ راج ٹھاکرے نے یہ استدلال مسترد کردیا کہ پاکستانی اداکاروں پر پابندی غیر منصفانہ ہے کیوں کہ وہ کوئی دہشت گرد نہیں ہیں۔ انھوں نے کہاکہ صرف پاکستانی عوام اچھے ہونے سے کچھ نہیں ہوتا۔ دہشت گرد تو سرحد پار سے آکر ہمارے لوگوں کو ہلاک کررہے ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ فلمی صنعت کو اپنے کاروبار سے مطلب ہوتا ہے لیکن پاکستان میں تازہ فلم ایم ایس دھونی پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ انھوں نے استفسار کیاکہ آیا ہندوستان میں باصلاحیت فنکاروں کی کمی ہے۔
ہمیں پڑوسی ملک سے اداکاروں کو درآمد کرنا پڑرہا ہے۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ سلمان خان کے ساتھ راج ٹھاکرے کے بہترین مراسم ہیں اور گنیش تہوار کے موقع پر وہ اکثر و بیشتر اداکار کے مکان آتے ہیں لیکن پاکستانی اداکاروں کے بارے میں دونوں کے متضاد خیالات پائے جاتے ہیں۔ واضح رہے کہ سلمان خان نے کل کہا تھا کہ پاکستانی اداکاروں کے ساتھ دہشت گردوں جیسا سلوک نہ کیا جائے جبکہ آرٹ اور دہشت گردی کو خلط ملط کرنے سے گریز کیا جائے۔ انڈین موشن پکچر پروڈیوسرس اسوسی ایشن نے اُری (کشمیر) میں دہشت گردانہ حملہ کے پیش نظر پاکستانی اداکاروں پر پابندی عائد کردی ہے۔