پانی کے ساتھ سلاد بھی استعمال کریں

شملہ ۔ 13 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) اس کالم میں یوں تو پانی کے استعمال کے بارے میں پہلے بھی تحریر کیا جاچکا ہے لیکن صحت کے اصولوں پر مشتمل اس کالم میں وقتاً فوقتاً ایک ہی موضوع پر مختلف نکات کو پیش کیا جاتا ہے جو قبل ازیں شائع کئے گئے کالم میں ضبط تحریر میں لائے نہ جاسکے۔ جسم میں 60 تا 70 فیصد پانی ہوتا ہے اور اس کی ضرورت کی تکمیل ہر دو یا تین گھنٹے سے کرنی پڑتی ہے۔ آپ سوچ رہے ہوں گے کہ پانی پینے میں ایسی کیا خاص بات ہے لہٰذا ماہرین صحت کے ان اصولوں کو دہراتے چلیں جہاں ان کا کہنا ہیکہ ضرورت پڑنے پر صرف پانی کی بوتل تک ہی آپ کی پہنچ نہیں ہونی چاہئے

بلکہ آپ اس کے ساتھ ساتھ سلاد اور پھل وغیرہ کا بھی استعمال کریں۔ پانی کے استعمال کو زیادہ دیر تک روکنے سے جسم dehydration کا شکار ہوجاتا ہے جسے وقتاً فوقتاً دور کرنے کیلئے پانی کا استعمال ضروری ہے اور پانی کے ساتھ ساتھ اگر سلاد کا بھی استعمال کیا جائے تو سونے پہ سہاگہ جیسی بات ہوگی۔ اس بات کا دھیان رکھنا بھی ضروری ہیکہ پانی صاف ستھرا ہو۔ ضروری نہیں کہ وہ mineral water ہو لیکن جسم میں معدنیات کی کمی کو پورا کرنے کیلئے پانی کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا ۔ کہتے ہیں جس طرح اس دنیا کا 80 فیصد سمندروں پر مشتمل ہے یعنی خشکی کے علاقہ صرف 20 فیصد ہے، لہٰذا پانی کے استعمال میں اعتدال پسندی کو ملحوظ رکھتے ہوئے نہ زیادہ سرد پانی استعمال کریں اور نہ گرم۔ گرم سے مراد بھاپ نکلتا ہوا پانی نہیں بلکہ ایسا پانی جسے ہم نیم سرد کہہ سکتے ہیں۔