ٹی وی 9 سی ای او روی پرکاش کی گرفتاری کی تردید

معروف اینکر کی خود اپنے شو میں وضاحت ‘ صحافتی اقدار کی جدوجہد کا عزم
حیدرآباد۔ 9 مئی (سیاست نیوز) معروف تلگو نیوز چیانل Tv9 کے سی ای او روی پرکاش کی روپوشی اور گرفتاری کے خلاف جاری تجسس آج رات اس وقت ختم ہوا جب روی پرکاش نے خود اپنے شو کے دوران اپنی گرفتاری کی تردید کی۔ آج صبح سے دھوکہ دہی اور رقم کی ہیرا پھیری کے متعلق نیوز چیانلس میں روی پرکاش کے متعلق مختلف خبریں گشت کررہی تھیں جو افراتفری کا سبب بنی رہیں۔ تاہم اسی ای او Tv9 نے خود اپنے شو میں ان تمام باتوں اور غلط فہمیوں کا خلاصہ کردیا اور کہا کہ وہ انصاف کے پیمانے سے مطمئن ہیں اور عدالت کے احکام فیصلوں کا حترام کرتے ہیں۔ انہوں نے دیگر نیوز چیانلس کی خبروں پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اگر صحافت کے اصولوں کی پاسداری کی جاتی ہے اور صحافتی اصولوں کا احترام کیا جاتا ہے تو ایسی خبروں کی حقیقت کو پیش کرنا چاہئے ۔ کسی کے اشارے پر بے بنیاد پروپگنڈہ سے پہلے صحافت کا لحاظ رکھنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ Tv9 کی ترقی اور مختلف زبانوں میں ترویج کیلئے جس انداز سے کوشش کی گئی اور صحافت کی عظمت کا جس انداز سے خیال رکھا گیا، Tv9 آئندہ بھی صحافت کے اصولوں کا پاس و لحاظ رکھے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ Tv9 مستقبل میں صحافتی آزادی اور اصولوں کیلئے پیش پیش رہے گا اور عوام کے حق میں عوام کی خاطر صحافت کے مقصد و مقام کو برقرار رکھتے ہوئے خدمات انجام دے گا۔ کمشنر پولیس سائبرآباد کے مطابق سائبر کرائم پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے۔ جعل سازی، اعتماد شکنی اور آئی ٹی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا اور عدالت کی اجازت کے بعد ہی Tv9 ادارہ کے دفاتر اور روی پرکاش کے مکان کی تلاشی لی گئی ہے۔