ٹولی چوکی ایم ڈی لائینز فوجی علاقہ میں آتشزدگی

حیدرآباد ۔ /14 فبروری (سیاست نیوز) شہر میں ایک اور مہیب آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا جس میں فوج کی کینٹین جلکر خاکستر ہوگئی۔ سرکاری ذرائع کے بموجب ٹولی چوکی ایم ڈی لائینس سے متصل فوجی علاقے میں آج رات 11 بجے مہیب آتشزدگی کا ایک واقعہ پیش آیا جس کے بعد دونوں شہروں سے تعلق رکھنے والے 5 فائرانجنوں کو فوری فوجی علاقے میں بھیج دیا گیا ۔ اس واقعہ کے بعد فوجی عہدیداروں نے وہاں کا راستہ عوام کیلئے بند کردیا اور صرف فائر انجن عملہ کو فوجی علاقے میں جانے کی اجازت تھی ۔ آگ لگنے کے اس واقعہ کے بعد ایم ڈی لائینس اور اطراف و اکناف علاقوں میں عوام میں تشویش کی لہر دوڑ گئی اور فوجی کینٹین کی آگ نے فوجی علاقے کی جھاڑیوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ۔ لنگر حوض پولیس عملہ بھی جائے حادثہ پر پہونچ گیا اور آگ کو بجھانے کیلئے فائرانجن عملہ رات دیر گئے تک مصروف تھا ۔