ٹریفک حادثہ میں آٹھ مسلم نوجوانوں کی ہلاکت پر اظہار افسوس

غم زدہ خاندانوں کو فی کس پانچ لاکھ روپئے ایکس گریشیا دینے ہریش راؤ کا اعلان، رشتہ داروں سے ملاقات اور اظہار تعزیت

حیدرآباد۔/31اگسٹ، ( سیاست نیوز) شہر کے نواحی علاقہ میڑچل میں پیش آئے خوفناک سڑک حادثہ میں 8مسلم نوجوانوں کی ہلاکت پر ٹی آر ایس قائد و وزیر آبپاشی ہریش راؤ نے اپنے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے اور حادثہ میں ہلاک نوجوانوں کے افراد خاندان سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں پرسہ دیا اور فی کس خاندان 5 لاکھ ایکس گریشیا کا اعلان کیا اور زخمی نوجوان کو مکمل صحت یابی تک کارپوریٹ ہاسپٹل میں علاج کا سداشیو پیٹ کے مسلمانوں کو بھروسہ دلایا۔ یہ پہلا واقعہ ہے جس میں سڑک حادثہ کے مہلوکین کو 5 لاکھ رقم بطور ایکس گریشیا کا اعلان کیا گیا ہے۔ ہریش راؤ کی شخصی دلچسپی سے یہ اعلان کردیا گیا جنہوں نے حادثہ کی اطلاع پاکر فوری ہاسپٹل کا رُخ کیا، ان کے ہمراہ ان کے بااعتماد رفقاء اراکین اسمبلی اور رکن پارلیمنٹ بھی موجود تھے۔ مسٹر ہریش راؤ نے جائے مقام سے چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے رابطہ قائم کیا اور انہیں صورتحال سے واقف کرواتے ہوئے 5 لاکھ روپئے ایکس گریشیا فی خاندان اعلان کردیا۔ وزیر آبپاشی کے ہمراہ اس وقت رکن پارلیمنٹ میدک مسٹر کے پربھاکر ریڈی، ڈپٹی اسپیکر اسمبلی محترمہ پدما دیویندر ریڈی، رکن اسمبلی سنگاریڈی چنتا پربھاکر رکن اسمبلی نرسا پور مدن ریڈی، رکن اسمبلی دباک آر لِنگاریڈی اور دیگر موجود تھے۔ ہریش راؤ نے گاندھی ہاسپٹل پہنچ کر اولین اوقات میں مہلوکین کی نعشوں کا پوسٹ مارٹم کروایا۔ انہوں نے کہا کہ وہ سداشیوپیٹ کی عوام کے غم بالخصوص ان 8 مسلم نوجوانوں کے افراد خاندان کے غم میں شامل رہے جن کی سڑک حادثہ میں ہلاکت ہوئی ہے۔ انہوں نے اپنے گہرے رنج و ملال کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ضلع میدک کے ہونہار نوجوانوں کا نقصان ہوا ہے جو قوم و ریاست کی تعمیر میں اپنا رول ادا کرسکتے تھے۔ انہوں نے زخمی عباس کے افراد خاندان کو یقین دلایا کہ اس نوجوان کی مکمل صحت یابی تک اس کے طبی اخراجات کو ریاستی حکومت برداشت کرے گے۔ ٹی ہریش راؤ کی اپنے رفقاء و پارٹی کے سرکردہ قائدین کے ساتھ آمد اور مہلوکین کے افراد خاندان کو دلاسہ دینے اور ایکس گریشیا کے اعلان و ہمدردی پر رکن اسمبلی سنگاریڈی مسٹر چنتا پربھاکر نے ہریش راؤ اور چیف منسٹر کے سی آر کا شکریہ ادا کیا۔