ٹرمپ کا حشر بھی صدام حسین کی طرح ہوگا: حسن روحانی

ایران اپنے دفاعی ہتھیاروں کو ترک نہیں کرے گا ۔ کشیدگی میں اضافہ

دوبئی 22 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) صدر ایران حسن روحانی نے کہاکہ صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ کا حشر بھی عراق کے صدام حسین کی طرح ہوگا۔ ٹرمپ کو ایران کے ساتھ ٹکر لینا مہنگا پڑے گا۔ انھوں نے مشرق وسطی کی دو طاقتوں کے درمیان جنگ کا حوالہ دیا اور عہد کیاکہ تہران اپنے میزائیلس ترک نہیں کرے گا۔ امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی اُس وقت سے شدت اختیار کرگئی جب ٹرمپ نے مئی میں ایران کے ساتھ ہوئے ہمہ رخی نیوکلیر معاہدہ کو واپس لے لیا اور گزشتہ ماہ اس پر تحدیدات نافذ کردیئے۔ روحانی نے کہاکہ خلیج میں ایران نے اپنے بحریہ کی طاقت کا مظاہرہ شروع کیا ہے۔ دارالحکومت تہران میں سالانہ پریڈ کے دوران اُنھوں نے کہاکہ خلیج میں بندر عباس بندرگاہ پر عراق کے ساتھ 1980-88 ء کی جنگ کی شروعات کی علامت کے طور پر یہ پریڈ شروع کی گئی۔ ایران نے حالیہ ہفتوں میں کہا تھا کہ وہ خلیج میں فوجی کارروائی کرسکتا ہے اور دیگر ممالک کو تیل برآمد کرنے کا عمل روک سکتا ہے۔ اس کا ہر اقدام امریکی تحدیدات کے جواب میں انتقامی کارروائی کے طور پر ہوگا۔ حسن روحانی نے اپنی تقریر میں مزید کہاکہ ٹرمپ کا حشر بھی صدام حسین کی طرح ہوگا۔ خلیج میں ایران کے تقریباً 600 جہاز مشق کررہے ہیں۔