’ٹائم‘ میگزین کا یوٹرن ، مودی ہندوستان کو جوڑنے والے وزیراعظم

انڈیا آئی این سی گروپ کے بانی اور چیف ایگزیکٹیو منوج لاڈوا کا مضمون l دنیا کے تقریباً تمام اداروں جیسے عالمی بینک، آئی ایم ایف اور یو این بھی مودی کی کارکردگی کے معترف
نیویارک۔ 29 مئی (سیاست ڈاٹ کام) چڑھتے سورج کو سلام کرنا ہر ایک کا شیوہ ہے چاہے، وہ کوئی سیاست داں ہو، عالم دین ہو، ٹیچر ہو، صحافی ہو، طالب علم ہو یا ایک عام آدمی۔ دنیا بھر میں اپنے سر ورق کی اسٹوریز کیلئے معروف امریکی رسالہ ’’ٹائم‘‘ جس نے ہندوستان میں عام انتخابات کے نتائج سے قبل اپنے ایک ایڈیشن کے سرورق پر مودی کو ہندوستان کے ٹکڑے ٹکڑے کردینے والا قائد قرار دیا تھا، لیکن جیسے ہی 23 مئی کو نتائج این ڈی اے کے حق میں آئے اور مودی کی ایکبار پھر وزیراعظم بننے کی راہ ہموار ہوگئی تو اسی ’’ٹائم‘‘ میگزین نے مودی کو ’’ہندوستان کو جوڑنے والا‘‘ ایسا قائد قرار دیا جو آج تک ہندوستان میں پیدا نہیں ہوا یعنی جس طرح مودی نے ہندوستان کو جوڑے رکھنے کے جتن کئے، ایسا کسی بھی سیاسی قائد نے نہیں کیا۔ اس میگزین میں انڈیا آئی این سی گروپ کے بانی چیف ایگزیکٹیو منوج لاڈوا نے مضمون تحریر کیا ہے، یہ گروپ لندن سے تعلق رکھتا ہے۔ منوج لاڈوا نے اپنے مضمون کا عنوان ’’مودی نے ہندوستان کو جس طرح جوڑا ایسا کسی دوسرے وزیراعظم نے نہیں جوڑا‘‘ ہے۔ بی جے پی کو 542 نشستی لوک سبھا میں 303 نشستوں پر کامیابی حاصل ہوئی۔ لاڈوا نے اپنے مضمون میں تحریر کیا ہے کہ مودی جی کی پہلی میعاد کے دوران ان پر ہر گوشے سے تنقیدیں کی جاتی رہیں، ان کی نوٹ بندی اور جی ایس ٹی کو سب سے زیادہ تنقید کا نشانہ بنایا گیا لیکن اس کے باوجود مودی نے رائے دہندوں کو جس طرح جوڑا اور متحد کیا، اس کی نظیر ہندوستان کی آزادی کے بعد سے آج تک نہیں ملتی۔ مذکورہ مضمون قبل ازیں تحریر کئے گئے مضمون کے بالکل برعکس ہے۔ مودی ہندوستان کا ’’ڈیوائیڈر انچیف‘‘ کے عنوان سے تحریر کردہ مضمون کے مصنف آتش تاثیر تھے جو ہندوستانی خاتون صحافی تولین سنگھ اور پاکستان کے سیاست داں مرحوم سلمان تاثیر کے بیٹے ہیں۔ ’’ٹائم‘‘ میگزین کے ’’آئیڈیاز سیکشن‘‘ میں منفرد اقسام کے مضامین شائع کئے جاتے ہیں۔ اب جبکہ مودی دوسری میعاد کیلئے وزیراعظم کا عہدہ سنبھالنے جارہے ہیں، مصنف لاڈوا کا کہنا ہے کہ اب بھی مودی جی کو بہت سے کام کرنے ہیں حالانکہ اب تک انہوں نے جو بھی کام انجام دیئے ہیں، انہیں دنیا کے تقریباً تمام اداروں جیسے عالمی بینک، آئی ایم ایف اور یو این سبھی نے مسلمہ قرار دیا ہے اور یہ بھی کہا ہے کہ ہندوستان تیزی کے ساتھ ترقی کی منازل طئے کرتا جارہا ہے۔ اسی طرح ’’ٹائم‘‘ ویب سائیٹ پر بھی ایک دیگر مضمون ’’انڈیاز اکنامی نیڈزری(ہندوستان کی معیشت کو سخت ترین اصلاحات کی ضرورت ہے) کے عنوان سے شائع ہے جس کے مصنف ایسا آئرس ہیں جو کونسل آن فارین ریلیشنز میں ہندوستان، پاکستان اور جنوبی ایشیا کی سینئر فیلو ہیں۔