وینکیا نائیڈو ، مختار عباس نقوی ‘ امبیکا سونی راجیہ سبھا کیلئے امیدوار

رام جیٹھ ملانی و میسا بھارتی آر جے ڈی کے امیدوار ۔ بی جے پی نے ایم جے اکبر کو مدھیہ پردیش سے ٹکٹ دیا
نئی دہلی ۔30 مئی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) سیاسی قائدین کی کثیرتعداد نے آج راجیہ سبھا انتخابات کیلئے پرچہ نامزدگی داخل کئے۔ جنتادل (یو) لیڈر شرد یادو ، نامور وکیل اور سابق بی جے پی رکن پارلیمنٹ رام جیٹھ ملانی کے علاوہ آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد یادو کی دختر میسا بھارتی نے بہار میں راجیہ سبھا کے انتخابات کیلئے پرچہ نامزدگی داخل کئے ۔ شردیادو کے علاوہ رام چندر پرساد سنگھ جنتادل یو سے مقابلہ کررہے ہیں ۔ رام جیٹھ ملانی جو اٹل بہاری واجپائی حکومت میں وزیر قانون تھے اور میسا بھارتی نے آر جے ڈی امیدواروں کی حیثیت سے پرچۂ نامزدگی داخل کی۔ مرکزی وزیر ایم وینکیا نائیڈو نے بھی آج پرچۂ نامزدگی داخل کی ۔ راجیہ سبھا کی 57 نشستوں کیلئے جن کا تعلق 15 ریاستوں سے ہے 11 جون کو انتخابات ہونگے ۔ پرچۂ نامزدگی داخل کرنے والے دیگر امیدواروں میں مرکزی وزراء بریندر سنگھ اور مختار عباس نقوی کے علاوہ سینئر کانگریس لیڈر امبیکا سونی شامل ہیں۔ وزیر شہری ترقیات پارلیمانی اُمور وینکیا نائیڈو ، بی جے پی قومی نائب صدر اوم پرکاش ماتھر ، رام کمار ورما اور ہرش وردھن سنگھ نے راجستھان سے امیدوار کی حیثیت سے پرچۂ نامزدگی داخل کی ۔ یہاں سے رام کمار ورما اور ہرش وردھن دو نئے چہرے ہیں۔ چندی گڑھ میں وزیر دیہی ترقیات بریندر سنگھ نے ہریانہ سے اور امبیکا سونی کانگریس جنرل سکریٹری نے پنجاب سے پرچۂ نامزدگی داخل کی ۔ مرکزی منسٹر آف اسٹیٹ اقلیتی و پارلیمانی اُمور مختار عباس نقوی نے جھارکھنڈ سے پرچۂ نامزدگی داخل کی ۔ بی جے ڈی کے تین قائدین نے اُڈیشہ سے پرچہ داخل کیا  ۔ نامزدگیوں کی جانچ یکم جون کو ہوگی اوردستبرداری کی آخری تاریخ 3 جون ہوگی ۔ 57 نشستوں کے منجملہ بی جے پی اور کانگریس  فی کس 14 ، بی ایس پی  6 ، جنتادل یو 5 ، ایس پی ، بی جے ڈی اور انا ڈی ایم کے نے فی کس 3 امیدوار کھڑا کئے ہیں۔ ڈی ایم کے ، این سی پی اور ٹی ڈی پی کے فی کس 2 ارکان اور شیوسینا کا ایک امیدوار مقابلہ کررہا ہے ۔ یو پی سے سب سے زیادہ 11 ارکان سبکدوش ہورہے ہیں جبکہ ٹاملناڈو اور مہاراشٹرا میں فی کس 6 نشستیں مخلوعہ ہوئی ہیں۔ بہار میں 5 نشستوں پر مقابلہ ہورہا ہے ۔ آندھراپردیش ، کرناٹک اور راجستھان میں فی کس 4، مدھیہ پردیش اور اڈیشہ میں فی کس 3 ، ہریانہ ، جھارکھنڈ ، پنجاب ، چھتیس گڑھ اور تلنگانہ میں فی کس 2 اور اُترکھنڈ میں ایک نشست پر رائے دہی ہوگی ۔ بی جے پی نے اُترپردیش یونٹ نائب صدر اور ریاستی وزیر شیوپرکاش شُکلا کو راجیہ سبھا کیلئے پارٹی امیدوار نامزد کیا ہے ۔ بی جے پی نے وزیر ریلوے سریش پربھو کو آندھرا پردیش سے اور ایم جے اکبر کو مدھیہ پردیش سے امیدوار نامزد کیا ہے ۔