’ووٹ ایک ہتھیارہے‘ احتیاط سے استعمال کریں : راہول گاندھی

نئی دہلی۔ 28 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کے صدر راہول گاندھی نے مدھیہ پردیش اور میزورم کے عوام پر زور دیا ہیکہ وہ کثیر تعداد میں اپنا حق رائے دہی سے استفادہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ ’’تبدیلی کا وقت‘‘ آ گیا ہے اور ووٹرس کو چاہئے کہ وہ اپنی ترقی و خوشحالی کیلئے ووٹ دیں۔ مدھیہ پردیش اور میزورم کے ووٹرس کیلئے دو علحدہ ٹوئیٹس کرتے ہوئے راہول گاندھی نے کہا کہ ’’وٹ ہی جمہوریت کی سب سے بڑی طاقت ہے۔ آپ اپنا ووٹ ڈالیں کیونکہ یہ تبدیلی کا وقت ہے‘‘۔ انہوں نے میزورم کے ووٹرس پر زور دیا کہ ان کا ووٹ محض ایک دستوری حق نہیں ہے۔ یہ ایک آشیرواد اور ایک ہتھیار ہے۔ آج اس کا دانشمندانہ استعمال کریں۔ امن، ترقی و خوشحالی کیلئے اپنا ووٹ ڈالیں‘‘۔ ان دونوں ریاستوں میں آج ووٹ ڈالے گئے۔ کانگریس مدھیہ پردیش میں بی جے پی اقتدار چھین لینے کی کوشش کررہی ہے اور میزورم میں لگاتار تیسری میعاد کیلئے اقتدار پر قبضہ برقرار رکھنا چاہتی ہے۔