وزیراعظم مودی کے 2+1 فارمولہ پر سدارامیا کی جوابی تنقید

مودی کی ریالیوں کا عوام پر کوئی اثر نہیں پڑے گا ‘ کرناٹک میں اقتدار کا خواب دیکھنا ترک کردینا پڑے گا

بنگلورو۔یکم مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیراعظم کے ’’ 2+1 فارمولہ ‘‘ پر تنقید کرتے ہوئے چیف منسٹر کرناٹک سدارامیا نے آج کہا کہ نریندر مودی کا فارمولہ اسمبلی انتخابات جیتنے کیلئے ’’ دو ریڈیوں+ ایک یدی ‘‘ فارمولہ کے مترادف ہے ۔ وزیراعظم کے انتخابی جلسہ عام پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’’ ہارنے کے خوف سے ‘‘ اور اپنے فرزند کو 12مئی کے انتخابات میں کھڑا کرنے سے انہوں نے ظاہر کردیا ہے کہ وزیراعظم 2014ء کے لوک سبھا انتخابات میں دو انتخابی نشستوں سے مقابلہ کر کے مطمئن ہیں ۔ وہ بی جے پی کے دو بھائیوں کے دو نشستوں پر مقابلہ کرنے کا تذکرہ کررہے تھے ۔ کانکنی شعبہ کی بڑی شخصیت جی جناردھن ریڈی کو اسمبلی انتخابات میں ٹکٹ دیا گیا ہے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ’’ 2 ریڈیوں + 1 یدی ) مودی کا انتخابی فارمولہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے سی بی آئی مقدمات کا جو ریڈی برادران کے خلاف ہیں ہارنے کا کوئی تذکرہ نہیں کیا ۔ اس کے بجائے انہوں نے ٹو پلس ون فارمولہ کی بات کی ۔ اس کی وضاحت یہ ہے کہ ان کا فارمولہ انتخابات جیتنے کیلئے ہے ۔ دو ریڈیوں +ایک یدی کا تذکرہ ٹوئیٹر پر چیف منسٹر نے کیا ۔ یدی بی جے پی کے چیف منسٹری کے امیدوار بی ایس یدی یورپا کی طرف ایک اشارہ ہے ۔ کلبرگی سے موصولہ اطلاع کے بموجب کرناٹک کے وزیراعلی سدارمیا نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی انتخابی ریلیوں پر انہیں کوئی اعتراض نہیں ہے تاہم ان ریلیوں کا ریاست کے عوام پر اثر نہیں پڑے گا۔انہوں نے کلبرگی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ جمہوریت ہے ۔ہماری وزیراعظم سے شخصی دشمنی ہوسکتی ہے تاہم یہاں ان کے آنے پر ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہے ۔ان کی آمد کا کوئی بھی اثر نہیں پڑے گا۔بی جے پی حکومت پر نکتہ چینی کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بی جے پی نے لوک آیوکت اور لوک پال کی تقرری کے مسئلہ کو نظر انداز کیا ۔انہوں نے کہاکہ کرپشن کے بارے میں بی جے پی کو بات کرنے کا کوئی اخلاقی حق نہیں ہے ۔گزشتہ چار سال میں مرکزی حکومت نے لوک پال کی تقرری نہیں کی۔جب مودی ،گجرات کے وزیراعلی تھے تو انہوں نے لوک آیوکت کی بھی کبھی تقرری نہیں کی تھی۔کرناٹک میں بی جے پی کے وزارت اعلی کے امیدوار یدی یورپا پر نکتہ چینی کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ان کے خلاف معاملات ہیں اور ان کو جیل جانا پڑے گا۔میں نے کوئی جرم نہیں کیا ہے ۔بی جے پی ، سی بی آئی کی جانچ کی بات کرتی ہے تاہم وہ کچھ بھی نہیں کرتی ۔سی بی آئی اس کے تحت ہے ۔لنگایت کے مسئلہ پر مسٹر رامیا نے کہا کہ لنگایت ان کے لئے نہیں بلکہ بی جے پی کے لئے انتخابی موضوع ہے ۔مسٹر مودی نے کہا کہ کانگریس اٹکانے ، بھٹکانے اور بدعنوانی کی سیاست کرتی ہے ۔اس پارٹی کو ترقی کی سیاست کرنی نہیں آتی لہذا گزشتہ 70 سال میں ملک کی ترقی نامکمل ہے ۔ انہوں نے کرناٹک کو ترقی کے راستے پر آگے بڑھنے اور کرناٹک کو ترقی کی بلندیوں پر پہنچانے کے لئے بی جے پی کو ووٹ دینے کی اپیل کی اور کہا کہ ترقی کی سیاست صرف بی جے پی کرتی ہے لہذا بی جے پی کو ریاست کااقتدار سونپیں۔