وزیراعظم مودی کا نئے وزراء کے ساتھ /30 مئی کو حلف

مسلمانوں کو خوف کے ماحول سے باہر لانے کی ضرورت ، ہندوستان آئندہ پانچ سال کے دوران دنیا میں کھویا ہوا مقام واپس لانے کا عزم

نئی دہلی ۔ /26 مئی (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی اپنے نئے وزراء کے ساتھ دوسری میعاد کیلئے /30 مئی کو حلف لیں گے ۔ صدرجمہوریہ کے دفتر میں آج یہ بیان جاری کیا ۔ صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند جمعرات کے دن شام 7.30 بجے راشٹرپتی بھون میں منعقدہ حلف برداری تقریب میں نریندر مودی اور دیگر کابینی ارکان کو حلف دلائیں گے ۔ نریندر مودی بی جے پی کے پہلے لیڈر ہیں جنہیں 5 سال کی میعاد کی تکمیل کے بعد دوسری مرتبہ منتخب کیا گیا ہے ۔ اب تک یہ اعزاز کانگریس قائدین جواہر لال نہرو اور اندرا گاندھی کو حاصل تھا ۔ اٹل بہاری واجپائی کو بھی مسلسل دوسری میعاد کیلئے منتخب کیا گیا تھا لیکن ان کی پہلی میعاد صرف ایک سال 7 ماہ تک ہی برقرار رہی ۔ وزیراعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ ان کی حکومت کا مقصد ملک کو ترقی کی راہ پر لے جاتے ہوئے دنیا بھر میں کھویا ہوا اس کا مقام واپس دلایا ہے ۔ احمد آباد میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ 2019 ء میں ان کے حق میں ڈالے گئے ووٹ آئندہ 5 سال کیلئے کام آئیں گے اور وہ دنیا بھر میں ہندوستان کو اس کا جائز مقام دلانے کی کوشش کریں گے ۔ آئندہ پانچ سال ملک کی تاریخ میں اہمیت کے حامل ہوں گے ۔ قبل ازیں مودی نے کہا تھا کہ ملک کی اقلیتوں کو خوف کے ماحول سے باہر لانے کی ضرورت ہے ۔ ووٹ بینک کی سیاست کرنے والوں نے اقلیتوں کو خوف کے ماحول میں مبتلا کررکھا ہے ۔ لہذا ہم سے ہر ایک کو چاہئیے کہ اقلیتوں کو ان کے خوف سے باہر لائیں ۔ سماج کے تمام طبقات کا بھروسہ جیتنا ضروری ہے ۔ ہمیں سب کا ساتھ سب کا وکاس کیلئے کام کرنے کے ساتھ ساتھ اب سب کا وشواس (سب کا بھروسہ) جیتنا بھی ضروری ہے ۔