وارناسی کو ’’اِسمارٹ سٹی‘‘ میں تبدیل کرنے ہند ۔ جاپان معاہدہ

کیوٹو /نئی دہلی ۔30 اگست ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیراعظم نریندر مودی کا دورۂ جاپان آج ایک اہم معاہدہ کے ساتھ شروع ہوا جس میں ان کے حلقہ انتخاب وارناسی کو جاپان کے تعاون سے ’’اسمارٹ سٹی‘‘ کی طرز پر فروغ دیا جائے گا۔ اس کام میں جاپان کے اسمارٹ سٹی ’’کیوٹو‘‘ کا تجربہ اور تعاون شامل رہے گا۔ وزیراعظم مودی اور وزیراعظم جاپان شنزو اَبے کی آج کیوٹو میں ملاقات ہوئی اور مہمان وزیراعظم جذبہ خیرسگالی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹوکیو سے خاص طور پر اس ملاقات کیلئے کیوٹو شہر آئے۔ اس معاہدہ پر ہندوستانی سفیر متعینہ جاپان دیپا ودھوا اور میئر کیوٹو ڈائی ساکوکڈوکوا نے دستخط کئے۔ وزارتِ اُمور خارجہ کے ترجمان سید اکبر الدین نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا کہ ثقافتی شہر وارناسی کے تحفظ اور اسے عصری بنانے میں یادداشت ِ مفاہمت معاون ثابت ہوگی۔ وزیراعظم نریندر مودی نے اپنے عظیم تر توقعات کے ساتھ جاپان کا دورہ شروع کیا ہے ۔ وہ اعلیٰ سطح پر باہمی تعلقات اوراہم و حکمت عملی پر مبنی عالمی درجہ کے رابطہ کو فروغ دینے ایک نئے باب کا آغاز کرنا چاہتے ہیں ۔ وزیراعظم کی حیثیت سے بیرون برصغیر اپنے پہلے باہمی د ورہ کے موقع پر نریندر مودی پانچ روزہ دورہ میں کئی اہم ایجنڈہ پر کام کریں گے ۔ انھوں نے توقع ظاہر کی کہ دفاعی ، سیول نیوکلیئر اور انفراسٹرکچر کے علاوہ کامرس و تجارت کے شعبوں میں باہمی تعلقات و تعاون کو فروغ دینے کا ایک نیا باب رقم کریں گے ۔ اپنے دورہ جاپان کی اہمیت کو واضح کرتے ہوئے وزیراعظم نے پورے جوش و جذبہ سے کہا کہ ہندوستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے میرے ویژن کی اہم منزل جاپان ہے ۔ اپنے دورہ کے پہلے مرحلہ میں وزیراعظم مودی جاپان کے اسمارٹ سٹی ’’کیوٹو‘‘ پہونچ رہے ہیں

جہاں وہ ہندوستان میں اس طرح کے 100 اسمارٹ سٹیزکی تعمیر کا ارادہ اور منصوبوں کو قطعیت دینے تجربات کا مشاہدہ کریں گے ۔ خصوصی خیرسگالی جذبہ کے ساتھ وزیراعظم جاپان نیزوابے کیوٹو پہونچ کر مودی کا خیرمقدم کررہے ہیں۔ دونوں قائدین یکم ستمبر کو چوٹی کانفرنس میں شرکت کریں گے جس دوران دوانوں جانب حکمت عملی پر مبنی تعلقات اور عالمی پارٹنرشپ میں پیشرفت کیلئے معاہدے کئے جائیں گے ۔ وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ ہندوستان کو وزیراعظم مودی کے اس دورے سے کئی امیدیں وابستہ ہیں۔ دفاعی ، سیول نیوکلیئر اور انفراسٹرکچر کی ترقی کے شعبوں میں تعاون کے علاوہ کرہ ارض پر پائے جانے والے قدرتی وسائل سے استفادہ کرنے پر تبادلہ خیال ہوگا ۔ وزیراعظم مودی نے اپنے دورہ جاپان پر روانہ ہونے سے قبل جاری کردہ ایک بیان میں کہا کہ میں اپنے اچھے دوست وزیراعظم جاپان شنزو ابے کی دعوت پر جاپان کا سفر کررہا ہوں ۔ ہند۔ جاپان سالانہ چوٹی کانفرنس کے موقع پر وسیع تر بات چیت ہوگی ۔
انھوں نے اس بات کی نشاندہی کی کہ یہ ان کا بیرون برصغیر پہلا دورہ ہے ۔ ہندوستان بھی ایشیا میں امن ، استحکام اور خوشحالی کے علاوہ اپنی ترقی و خوشحالی کے لئے میرے ویژن کے مطابق جاپان سے تعاون حاصل کیا جائے گا ۔

جاپان کو ہندوستان کا سب سے قریبی دوست ملک سمجھا جاتا ہے ۔ سیاسی ، معاشی ، سلامتی ، ثقافتی شعبوں کے علاوہ ہندوستان کے لئے علاقائی اور عالمی حلیف ملک کی حیثیت سے جاپان کا خاص مقام ہے ۔ اپنے دورہ کی خصوصیات کو اجاگر کرتے ہوئے نریندر مودی نے کہا کہ جاپان کے اسمارٹ شہر کیوٹو کا دورہ ثقافتی معیارات ، جدیدت کی ایک شاندار مثال ہے ۔ وزیراعظم مودی نے ہندوستان میں اس طرح کے 100 اسمارٹ شہروں کی تعمیر کا منصوبہ بنایا ہے ۔ مودی نے کہا کہ وہ جاپان کے وزیراعظم کے ساتھ عالمی حکمت عملی شراکت داری ، دفاعی ٹکنالوجی ، آلات اور دیگر معاہدات کو قطعیت دینے پر زور دیں گے ۔ مودی نے کہا کہ میں وزیراعظم جاپان سے ایک ایسے وقت ملاقات کررہا ہوں جب عالمی سطح پر کئی چیلنجس درپیش ہیں۔