نیک بنو ، نیکی پھیلاؤ

زاہد اسکول سے آکر کھانا کھائے بغیر اپنے کمرے میں چلاگیا اور جب اس کی امی اسے کھانے کیلئے بلانے آئیں تو اس نے کھانے سے انکار کردیا ۔ کہنے لگا ۔ میں کچھ دیر سونا چاہتا ہوں ۔ اس کی امی چلی گئیں شام کو جب وہ سو کر اٹھاتو چائے پیئے ہوئے امی نے زاہد سے پوچھا تم نے کھانا کیوں نہیں کھایا تھا ۔ زاہد نے جواب دیا ۔ امی آج ہمارے سر جو اسلامیات پڑھاتے ہیں انہوں نے بتایا کہ نیکی کیا ہے اور کس طرح نیکی کو پھیلا کر ہم خود نیک بن سکتے ہیں ۔ لیکن میری سمجھ میں نہیں آیا کہ ہم کس طرح نیک بن کر نیکی پھیلاسکتے ہیں ۔ اس کی باتیں سن کر اس کی امی نے کہا نیک بنو اور نیکی پھیلاؤ کا مطلب یہ ہے کہ پہلے خود نیکی کے راستے پر چلو ، نیک اعمال کرو تاکہ دوسرا تمہیں دیکھ کر اسی راستے کو اپنائے ۔ جب ہم قرآن پاک کا مطالعہ کرتے ہیں تو اس میں کئی مقامات پر نیکی کرنے اور دوسروں کو اس کی ترغیب دینے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ راستے سے پتھر ہٹادینا بھی نیکی ہے ۔ جب تم ایسا کرو گے تو دوسرے لوگ تکلیف سے بچ جائیں گے ۔ صلے اور انعام کی پرواہ کئے بغیر دوسروں کی خدمت کرنا ہی نیکی ہے ۔زاہد جو یہ باتیں بڑے غور سے سن رہا تھا ۔ دھیمے سے مسکرایا اور بولا امی اب مجھے سمجھ آئی ہے کہ سر ہمیں کیا سمجھانے کی کوشش کر رہے تھے ۔ شکریہ آج سے میں بھی اچھا بچہ بنوں گا اور سب کے کام آؤں گا ۔