نیوزی لینڈ کے ساتھ ہندوستان کے قریبی تعلقات

صدرجمہوریہ پرنب مکرجی کی آمد ، تجارت اور سرمایہ کاری کے لئے کلیدی علاقہ
آکلینڈ ۔ 30 اپریل ۔(سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کی مشرق کی طرف دیکھو پالیسی کو مشرق میں عملی اقدامات کرنے کی پالیسی میں تبدیل کرتے ہوئے صدرجمہوریہ پرنب مکرجی نے نیوزی لینڈ کے ساتھ قریبی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے پر زور دیا اور کہا کہ یہ خطہ نہایت ہی اہمیت کا حامل ہے خاص کر ہندوستان کی اسٹراٹیجک سوچ اور معاشی اقدامات میں نیوزی لینڈ خاموشی کے ساتھ ہمرکاب رہا ہے ۔ صدرجمہوریہ جو 3 روزہ دورہ پر یہاں پہونچے اس پیسفیک خطہ کے ساتھ ہندوستان کی اٹوٹ وابستگی کی اہمیت کو اُجاگر کیا اور اس علاقہ میں ساؤتھ ایسٹ ایشیاء کا سب سے قریب ترین ہمسایہ ملک قرا دیا ۔ مقامی روزنامہ دی نیوزی لینڈ ہیرالڈ کو انٹرویو دیتے ہوئے صدرجمہوریہ نے کہاکہ ہماری مشرق کی جانب دیکھو پالیسی کو اب ہم نے مشرق میں عملی اقدامات کرنے کی پالیسی میں تبدیل کردیا ہے ۔ یہ علاقہ ہندوستان کی معاشی ترقی اور حکمت عملی پر مبنی سوچ کا ساجھے دار ہے۔ اس خطہ کے ساتھ ہماری دوستی اور وابستگی نے آئیل ، گیاس یا کوئلہ کے ذریعہ ہماری توانائی کو بھاری مقدار میں حاصل کرنے کامعاون رہا ہے ۔ پرنب مکرجی نیوزی لینڈ کا دورہ کرنے والے پہلے ہندوستانی صدر ہیں آج صبح یہاں پہونچے ، جن کا حکام نے پرتپاک استقبال کیا ۔ بعد ازاں ان کے اعزاز میں گورنر جنرل ہاؤز نے استقبالیہ دیا گیا ۔

جس میں نیوزی لینڈ کے گورنر جنرل سرجیری مہاٹپر نے بھی شرکت کی ۔ اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے صدرجمہورنے کہا کہ یہاں میرا ایقان ہے کہ یہ علاقہ تجارت اور سرمایہ کاری کیلئے اہمیت رکھتا ہے ۔اس کے ساتھ ساتھ عوام سے عوام کے رابطہ کو فروغ دینے کیلئے بھی یہ علاقہ موزوں ترین ہے ۔ انھوں نے اپنی بات چیت میں زیادہ تر توجہ فری ٹریڈ اگریمنٹ پر مرکوز کی ۔ نیوزی لینڈ کے وزیراعظم جان کی کے حوالے سے کہا کہ ان کا ملک ایف ٹی اے پر پیشرفت کرنا چاہتا ہے ۔ دیگر اخباری اطلاعات میں کیوی کے وزیراعظم کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ صدرجمہوریہ کا یہ دورہ نہایت ہی اہمیت ترین عنوانات پر تبادلۂ خیال کا موقع فراہم کرتا ہے ۔ تجارت پر بات چیت جاری رہے گی ۔ وزیراعظم نیوزی لینڈ نے کہا کہ ہندوستان بھی اس وقت جغرافیائی اعتبار سے چین کی طرح اہمیت رکھتا ہے لیکن ہم نے ہندوستان کے ساتھ اپنے تجارتی تعلقات کو بہت ہی کم رکھا ہے ۔ہندوستان کے اندر پائی جانے والی معیشت کے حجم کے اعتبار سے نیوزی لینڈ کے تجارتی تعلقات کم ہیں اس لئے ہم نے ہندوستان کے ساتھ قریبی معاشی تعلقات و تعاون کو فروغ دینے کا فیصلہ کرلیا ہے ۔