نوجوان اپنے دلوں کو حب نبی سے منور کریں : میلاد النبی ﷺ کے موقع پر صدر ترکی طیب اردغان کا بیان 

انقرہ : ترکی کے صدر رجب طیب اردغان نے کہا کہ نبی آخر الزماں ﷺ کا اسوہ حسنہ نئی نسل کیلئے ضابطہ حیات ہے ۔انہوں نے ماہ ربیع الاول میں جشن آمد رسول کی مناسبت سے سرکاری طور پر ایک ہفتہ تک جاری رہنے والی خصوصی تقاریب ’’ ہمارے رسول اور نوجوان ‘‘ کا افتتاح کیا ۔اپنے افتتاحی خطاب میں انہوں نے کہا کہ اسلام کی تابندگی سنت او رسیرت پر عمل میں پنہاں ہے ، ایک مسلمان کا تعلق سیرت پاک سے جتنا مضبوط ہوگا اسکا دین سے تعلق اتنا ہی مضبوط ہوگا ۔ترک صدرنے مزید کہا کہ نوجوان ملک کا قیمتی اثاثہ ہوتے ہیں ۔نوجوانوں کو نظر انداز کرنے والی قوم کا مستقبل تاریکی ہوتا ہے ۔او رملک کا استحکام خطرہ میں پڑجاتا ہے ۔

انہوں نے نوجوانوں کو صلاح دیتے ہوئے کہا کہ نوجوان اپنی ذمہ داریوں کو سمجھیں اور ملک کی ترقی کی طرف لے جانے والے اقدامات کریں ۔ طیب اردغان نے کہا کہ نوجوان سیرت النبی کا مطالعہ کریں او راپنی زندگی کو اسوہ رسول کے ڈھانچے میں ڈھالیں ۔ نوجوان اپنے دلوں کو حب نبی سے منور کریں ۔ ترکی میں اس سال جشن آمد رسول کے موقع پر ہمارے رسول اور نوجوان کے عنوان سے منایاجارہا ہے۔