نواز شریف کا سرجری سے قبل مودی کو فون

وزیراعظم ہند کا پاکستانی ہم منصب کیلئے نیک تمناوں کا اظہار
نئی دہلی 30 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر اعظم پاکستان نواز شریف نے آج اپنے ہندوستانی ہم منصب نریندر مودی کو فون کیا جبکہ کل برطانیہ کے ایک دواخانہ میںان کی اوپن ہارٹ سرجری ہونے والی ہے ۔ فون پر بات چیت کے دوران مودی نے نواز شریف کی جلد صحتیابی کیلئے نیک تمناوں کا اظہارکیا ۔ وزارت خارجہ کے ترجمان وکاس سوروپ نے ٹوئیٹ کیا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کو وزیر اعظم نواز شریف کا فون کال موصول ہوا جبکہ انہیں سرجری کیلئے لیجایا جانے والا ہے ۔ وزیر اعظم مودی نے ان کی جلد صحتیابی کیلئے نیک تمناوں کا اظہار کیا ۔ مودی نے ہفتے کو نواز شریف کیلئے نیک تمناوں کا اظہار کیا ۔ مودی نے کہا تھا کہ وہ نواز شریف صاحب کی اوپن ہارٹ سرجری کیلئے نیک تمنائیں ظاہر کرتے ہیں۔ یہ سرجری منگل کو ہونے والی ہے ۔ وہ سرجری کے بعد ایک ہفتے تک دواخانہ میں رہیں گے جس کے بعد ڈاکٹرس کے مشورہ پر سفر کرینگے ۔

نواز شریف کی جلد صحتیابی کیلئے
عالمی قائدین کی نیک تمنائیں
اسلام آباد 30 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) روس کے صدر ولادیمیر پوٹین اور افغان صدر اشرف غنی سمیت کئی عالمی قائدین نے وزیر اعظم پاکستان نواز شریف کیلئے نیک تمناوں کا اظہار کیا ہے کل برطانیہ میں ان کی ہارٹ سرجری ہونے والی ہے ۔ دفتر خارجہ نے کہا کہ عالمی قائدین نے کل آپریشن کے بعدشریف کی صحتیابی کیلئے نیک تمناوں کا اظہار کیا ہے۔ سابق افغان صدر حامد کرزئی ‘ تاجکستان کے صدر امام علی رحمن برطانیہ کے وزیر خارجہ فلپ ہیمنڈ نے شریف کی جلد صحتیابی کیلئے نیک تمناوں کا اظہار کیا ہے ۔

۔26/11 کے ملزمین اور حکومت پاکستان کو نوٹس

اسلام آباد ۔30 مئی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کی عدالت نے آج ممبئی حملہ مقدمہ کے 7 ملزمین بشمول 26/11 ماسٹر مائنڈ ذکی الرحمن لکھوی کو نوٹس جاری کی ہے ۔ ساتھ ہی ساتھ 10 لشکر طیبہ کے دہشت گردوں کی جانب سے ہندوستان پہونچنے کیلئے استعمال کی گئی کشتی کے معائنہ کی غرض سے کمیشن قائم کرنے استغاثہ کی درخواست پر حکومت کو بھی نوٹس جاری کی ہے ۔ عدالت کے عہدیدار نے بتایا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے ممبئی حملہ مقدمہ کے ملزمین اور حکومت کو استغاثہ کی اس درخواست پر نوٹس جاری کی کہ بندرگاہی شہر کراچی پر موجود کشتی کا معائنہ کرنے کیلئے کمیشن قائم کیا جائے ۔ انھوں نے بتایا کہ عدالت نے اس مقدمہ میں ٹرائیل کورٹ سے تمام ریکارڈ بھی طلب کیا ہے ۔ اس مقدمہ کی سماعت کیلئے آئندہ تاریخ کا متعاقب اعلان کیا جائے گا ۔ استغاثہ نے کمیشن قائم کرنے کی درخواست کو ٹرائیل کورٹ میں مسترد کرنے کے فیصلہ کو ہائیکورٹ میں چیلنج کیا ہے ۔ فیڈرل تحقیقاتی ایجنسی کے مطابق حملہ آوروں نے کراچی سے ممبئی پہونچنے کیلئے تین کشتیوں کا استعمال کیا ۔