نواز شریف پارٹی صدارت کیلئے بھی نااہل : عدالت

اسلام آباد ۔ 21 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کی سپریم کورٹ نے آج رولنگ دی کہ کوئی شخص جسے دستور کے آرٹیکل 62 اور 63 کے تحت نااہل قرار دیا جائے وہ کسی سیاسی جماعت کے سربراہ کی حیثیت سے بھی خدمات انجام نہیں دے سکتا، جو نواز شریف کے لئے بڑا جھٹکہ ہے کیونکہ وہ اب پی ایم ایل ۔ این کے سربراہ برقرار نہیں رہیں گے۔ 68 سالہ نواز شریف کو فاضل عدالت کو گذشتہ سال جولائی میں آرٹیکل 62 اور 63 کے تحت پناما پیپرس کیس میں خاطی پاتے ہوئے وزارت عظمیٰ کیلئے نااہل قرار دیا تھا۔ تین ججوں کی سپریم کورٹ بنچ نے چیف جسٹس ثاقب نثار کی صدارت میں آج کہاکہ کسی پارٹی کیلئے یہ لازمی ہیکہ وہ آرٹیکل 62 اور 63 کے مطابق قواعد کی تکمیل کرے کیونکہ پارٹی سربراہ بااختیار ہوتا ہے اور سیاسی جماعتیں حکومت پر کنٹرول کرتی ہے۔