نماز جنازہ کے بعد تدفین کیلئے کلثوم نواز کا جسد خاکی لاہور لایا گیا

لاہور ۔ 14 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ مرحومہ کلثوم نواز کے جسد خاکی کو لیکر پی آئی اے کا ایک طیارہ آج لندن سے لاہور پہنچا جس نے علاقہ اقبال انٹرنیشنل ایرپورٹ پر لینڈنگ کی۔ جیو نیوز کے مطابق صبح 6:45 بجے مرحومہ کلثوم نواز کے جسدخاکی کے لاہور پہنچنے کے بعد اسے شریف خاندان کے جاتی امراء میں واقع رہائش گاہ منتقل کیا گیا۔ یاد رہیکہ کلثوم نواز کا منگل کے روز لندن کے ایک ہاسپٹل میں طویل علالت کے بعد انتقال ہوگیا تھا۔ مرحومہ گلے کے کینسر سے متاثر تھیں۔ ان کی عمر 68 سال تھی۔ ان کی نماز جنازہ لندن میں ادا کی گئی تھیں جہاں دیگر شخصیات کے علاوہ ان کے دونوں فرزندان حسن اور حسین نواز نے بھی شرکت کی تھی۔ تاہم وہ اپنی والدہ کے جسدخاکی کے ساتھ پاکستان نہیں آئے کیونکہ انہیں اشتہاری مجرم قرار دیا گیا ہے۔ جاتی امراء میں اس وقت نواز شریف کو پرسہ دینے والوں کا تانتا بندھا ہوا ہے۔ کلثوم نواز کی تدفین میں شرکت کیلئے ان کی بیٹی مریم نواز اور داماد محمد صفدر جو اس وقت راولپنڈی کی آڈیالا جیل میں ہیں، کو پیرول پر رہا کیا گیا ہے۔ دریں اثناء پنجاب کے محکمہ داخلہ نے ایک اعلامیہ کے ذریعہ نواز شریف کی پیرول میں مزید پانچ دنوں کی توسیع کی ہے جس کا اطلاق 12 ستمبر شام 4 بجے سے 17 ستمبر شام 4 بجے تک رہے گا۔