نمائش کا یکم جنوری سے آغاز ، داخلہ ٹکٹ 25 روپئے

موبائل اے ٹی ایمس اور ڈیجیٹل ادائیگی کی سہولت ، وزیر فینانس ایٹالہ راجندر کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔ 29 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) تاریخی کُل ہند 77 ویں صنعتی نمائش کا یکم جنوری سے آغاز ہورہا ہے۔ وزیر بلدی نظم و نسق و آئی ٹی تارک راما راؤ افتتاح کریں گے۔ نوٹ بندی کے پیش نظر نمائش میں اس بار اضافی اے ٹی ایمس کی سہولت رہے گی اور موبائل اے ٹی ایمس بھی قائم کئے جارہے ہیں۔ ٹکٹس کیلئے ڈیجیٹل ادائیگی سسٹم متعارف کیا جارہا ہے۔ وزیر فینانس ایٹالہ راجندر نے آج ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان تفصیلات کا اظہار کیا۔ انہوں نے بتایا کہ نمائش یکم تا 15 فروری جاری رہے گی۔ ملک بھر میں بڑی کرنسی کا چلن بند کرنے کی وجہ سے جو حالات پیش آئے ہیں، نمائش سوسائٹی نے اس ضمن میں موثر انتظامات کئے اور حکومت کی جانب سے بھی بھرپور تعاون کا تیقن دیا۔ انہوں نے بتایا کہ نمائش میں اسٹالس قائم کرنے والوں اور تاجرین کو مشورہ دیا جارہا ہے کہ وہ ڈیبٹ اور کریڈٹ کارڈ کی سہولت مہیا کریں۔ وزیر فینانس نے نمائش سوسائٹی کے مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے اس بات کی طمانیت دی کہ یہ اراضی سوسائٹی کے تحت ہی رہے گی۔ انہوں نے بتایا کہ نمائش سوسائٹی کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے گا اور ایک ایسا منصوبہ تیار کیا جارہا ہے جہاں نمائش ہر وقت جاری رہے۔ عوام کی سہولت پر بھی خصوصی توجہ دی جارہی ہے اور اس بار کیاش لیس لین دین کے پیش نظر ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے یہ اندیشہ ظاہر کیا کہ نوٹ بندی کا اثر نمائش پر بھی پڑ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام ٹکٹ کاؤنٹرس پر سوائپنگ مشینس کی سہولت رہے گی اور سرویس ٹیکس کے پیش نظر ٹکٹ کی قیمت کو بڑھاکر 25 روپئے کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارکنگ کی سہولت مفت رہے گی۔ انہوں نے بتایا کہ 12,500 اسٹالس قائم کئے جارہے ہیں۔ اس موقع پر کنوینر نانک سنگھ و دیگر موجود تھے۔