نقوی الزامات ثابت کریںیا معذرت خواہی کریں

مختار عباس نقوی کے گھر کے باہر دھرنا دینے صابر علی کی اہلیہ کی دھمکی
نئی دہلی ۔ 30مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) جنتادل (یو) کے برطرف لیڈر صابر علی نے مختار عباس نقوی پر شدید تنقید کرتے ہوئے انہیں انڈین مجاہدین کے معاون بانی یسین بھٹکل کے ساتھ روابط کے الزامات ثابت کرنے کا چیالنج کیا اور کہا کہ اگر وہ ایسا نہ کرسکیں تو انہیں معذرت خواہی کرنی چاہیئے ۔

انہوں نے کہا کہ نقوی جس مقام پر کہیں وہ آنے کیلئے تیار ہیں جہاں اس مسئلہ پر بات چیت ہوگی اور انہیں ثبوت پیش کرنا ہوگا ۔ اگر مختار عباس نقوی صحیح ثابت ہوں گے تو میں پھانسی پر لٹکنے کیلئے تیار ہوں ۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ دراصل مختار عباس نقوی انہیں (صابر علی) کو پارٹی میں اُن کے عہدہ کیلئے خطرہ تصور کررہے ہیں ۔ بی جے پی نے انہیں پارٹی میں شامل کرنے کے اندرون 24گھنٹے رکنیت منسوخ کرنے کے دوسرے دن پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نقوی نے کہا کہ اُن کے خلاف عائد کردہ تمام الزامات بے بنیاد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس کی وجہ سے ان کے اور خاندان پر منفی اثر پڑا جس کیلئے نقوی کو معذرت خواہی یا الزامات ثابت کرنا پڑا ۔ صابرعلی کی اہلیہ نے بھی جو پریس کانفرنس میں موجود تھیں ‘

نقوی کی معذرت خواہی نہ کرنے پر اُن کے گھر کے سامنے دھرنا شروع کرنے کا انتباہ دیا ۔ صابر علی کی اہلیہ نے کہاکہ وہ اندرون 24گھنٹے مختار عباس نقوی سے معذرت خواہی کا مکتوب چاہتی ہیں یا پھر انہیں الزامات ثابت کرنے ہوں گے ۔ 24گھنٹے میں اگر وہ ایسا نہ کریں تو وہ مختار عباس نقوی کے مکان کے روبرو دھرنا دیں گی ۔ اگر سچائی کیلئے اُن کی موت بھی واقع ہوتی ہیں تو یہ مختار عباس نقوی کے گھر کے باہر ہی ہوگی ۔