نظام عدل سے بھروسہ اٹھ جائے تو ملک جنگل راج کی طرف چلا جائے گا : امام بخاری 

نئی دہلی : شاہی امام مولانا سید احمد بخاری نے کہا کہ میں اپنی قوم اور اپنے ملک کی نفس او رنفسیات کو سمجھتا ہوں وہ کسی بھی قیمت ملک میں صدیوں سے چلے آرہے بھائی چارہ کے ماحول کو خراب نہیں ہونے دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ جولوگ آج سوال اٹھارہے ہیں کہ وہ وقتی فائدہ شائد اٹھالیں جس پر بھی مجھے شک ہے لیکن اس سے جو صدیوں پر محیط نقصان ہوگااو راس کی بھر پائی کیلئے صدیاں ہی درکار ہوں گی ۔

امام بخاری نے کہا کہ اگر نظام عدل پر سے بھروسہ اٹھ جائے یا اس کوسوالیہ نشان میں تبدیل کردیا جائے توپھر ملک جنگل راج کی طرف چلاجائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ جذبات سے مجھے انکار نہیں لیکن وہ جذبات جو ملک کی جڑوں کو ہلا کر رکھ دیگا ۔ مولانا بخاری نے کہا کہ یہ وقت بیان بازی کا نہیں بلکہ عمل سازی کا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ہم حالات پر نظر رکھے ہوئے ہیں او رجس فہم و فراست اور بالغ نظری کا مظاہرہ ان ساڑھے چارسالوں میں مسلمانان ہند نے کیا ہے میں اس کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں اور یہی توقع اپنے اکثریتی فرقہ سے بھی رکھتا ہوں۔