نظام آباد کے مجلسی قائدین میں جھگڑا ، معاون کارپوریٹر شدید زخمی

ناقص کارکردگی کی شکایت پر کارپوریٹر کا حملہ ، دونوں کی ایک دوسرے کے خلاف پولیس سے شکایت
حیدرآباد:31؍ ڈسمبر ( سیاست نیوز ) مجلسی کارپوریٹر اور معاون کارپوریٹر مجلس کے درمیان زبردست جھگڑا ہوا ، مجلسی کارپوریٹر نے معاون کارپوریٹر پر حملہ کرتے ہوئے بری طرح زخمی کردیا جسے شریک دواخانہ کیا گیا ۔ اس کیس کو رفع دفع کرنے کیلئے مجلسی قائدین کی جانب سے زبردست کوشش کی جارہی ہے جب کہ دونوں نے ایک دوسرے کیخلاف پولیس میں شکایت کی ۔ تفصیلات کے بموجب نظام آباد میونسپل کارپوریشن کے ڈیویژن نمبر 28 کے کارپوریٹر ایم اے مصعب اپنے ڈیویژن کیلئے منظور کردہ 58لاکھ روپئے کے کام کو خود کنٹراکٹ لیتے ہوئے انجام دے رہے ہیں اور ناقص میٹرئیل استعمال کرنے کی گذشتہ کئی دنوں سے عوام کی جانب سے شکایتیں وصول ہورہی تھی اور ڈرین کی کھدوائی کی وجہ سے بڑے پیمانے پر ملبہ جمع ہونے کی وجہ سے عبدالرحمن گرائونڈ بودھن روڈ کے قریب جمع ہونے پر راستہ چلنا دشوار ہوگیا تھا اور معاون کارپوریٹر سید قیصر کا مکان بھی اسی علاقہ میں ہے اور انہیں بھی راستہ چلنے اور بائیک سے گذرنا مشکل ہورہا تھا جس پر انہوں نے میونسپل کمشنر کو اس خصوص میں شکایت کرتے ہوئے اقدامات کرنے کی خواہش کی تھی آج شام 5 بجے کے درمیان معاون کارپوریٹر مجلس سید قیصراسی علاقہ سے گذر رہے تھے کہ کارپوریٹر مجلس ایم اے مصعب یہاں پہنچنے پر سید قیصر نے اس خصوص میں ان سے کچھ بات کرنے کی کوشش کی اس دوران ایم اے مصعب نے کمشنر سے کی گئی شکایت پر قیصر پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے گالی گلوج کرنا شروع کیا اور  ان پر حملہ کر ڈالا جس کی وجہ سے قیصر بری طرح زخمی ہوگئے جس کے جواب میں قیصر نے بھی مصعب پر حملہ کردیا اور دونوں کے درمیان زبردست جھگڑا ہوا اور دونوں آپس میں ایک دوسرے پر حملہ کیا یہاں پرعوام کا زبردست ہجوم جمع ہوگیا ، دونوں نے Iٹاون پولیس اسٹیشن پہنچ کر ایک دوسرے کے خلاف شکایت کی جس پرپولیس نے دونوں کو سرکاری دواخانہ بھیجا ۔قیصر بری طرح زخمی ہونے کی وجہ سے شریک دواخانہ ہے قیصر کے ہاتھ اور چہرے پر بری طرح زخم آئے اس بات کی اطلاع ملنے پر ڈپٹی مئیر اور دیگر کارپوریٹرس دواخانہ پہنچ کر تفصیلات حاصل کرتے ہوئے اعلیٰ قائدین کو واقف کروایا چنانچہ اعلیٰ قائدین دونوں کے درمیان مفاہمت کرانے کی ہدایت دی جبکہ قیصر مفاہمت کرنے سے انکار کرنے کی اطلاع ہے ۔ گذشتہ چند دنوں سے اس مسئلہ پر سرد مہری کی جنگ چل رہی تھی اور آج منظر عام پر آگئی ۔ قیصر اور مجلسی قائدین کے درمیان زبردست اختلافات بھی ہیں عوام کو ہونے والی مشکلات کی پرواہ کئے بغیر ہی کام کرنے کی وجہ سے بھی عوام کی جانب سے ناراضگیاں بھی ظاہر ہورہی ہے ایس ایچ او Iٹائون سے دریافت کرنے پر بتایا کہ دونوں قائدین کی شکایت وصول ہوئی ہے پولیس اس خصوص میں مصروف تحقیقات ہے رپورٹ کی بناء پر کاروائی کرنے کا ارادہ ظاہر کیا۔ اس واقعہ کی اطلاع شہر میں پھیلتے ہی مجلسی قائدین کے رویہ پر تنقید کرتے ہوئے دیکھا گیا ۔