نروڈا پاٹیا مقدمہ : مایا کوڈنانی کی ضمانت منظور

احمدآباد ۔ 30 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) گجرات ہائیکورٹ نے سابق وزیر مایا کوڈنانی کی ضمانت آج منظور کرلی۔ انہیں 2002ء نروڈا پاٹیا فسادات مقدمہ میں 28 سال سزائے قید سنائی گئی تھی۔ ان فسادات میں 97 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ جسٹس وی ایم سہائے اور جسٹس آر پی دھولاریہ پر مشتمل ہائیکورٹ ڈیویژن بنچ نے مایاکوڈنانی کی درخواست ضمانت کو صحت کی بنیادوں پر قبول کرلیا۔ اس کے ساتھ ہی نروڈیا پاٹیا فسادات مقدمہ میں ضمانت حاصل کرنے والی وہ پہلی ملزمہ ہے۔ عدالت نے ایک لاکھ روپئے کے شخصی مچلکہ پر باقاعدہ ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں دوران ضمانت پولیس کے روبرو حاضری سے استثنیٰ دے دیا ہے۔ مایاکوڈنانی نے درخواست ضمانت میں کہا ہیکہ وہ مرض دق اور ذہنی دباؤ کے عارضہ کا شکار ہیں۔ اس کے لئے سٹی سیول ہاسپٹل میں باقاعدہ علاج جاری ہے۔ واضح رہیکہ مایاکوڈنانی کو سابرمتی جیل میں رکھا گیا تھا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ خصوصی عدالت کے فیصلہ کو چیلنج کرتے ہوئے انہوں نے اپیل دائر کی ہے اور گجرات ہائیکورٹ میں یہ معاملہ ڈسمبر 2012ء سے زیرتصفیہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل قریب میں اپیل کی سماعت کا امکان نہیں ہے چنانچہ انہیں ضمانت پر رہا کیا جانا چاہئے۔ اس سے پہلے فروری میں کوڈنانی کو ہائیکورٹ نے عارضی ضمانت دی تھی اور اس میں توسیع سے انکار کیا تھا۔ خصوصی ایس آئی ٹی عدالت نے اگست 2012ء میں سابقہ بی جے پی رکن اسمبلی مایاکوڈنانی، بجرنگ دل لیڈر بابو بجرنگی اور 29 دیگر کو 2002ء نروڈا پاٹیا مقدمہ میں سزائے عمر قید سنائی تھی۔ ماڈیاکوڈنانی سابق چیف منسٹر نریندر مودی کی کابینہ میں وزیر بھی رہ چکی ہیں اور انہیں نروڈا علاقہ میں فسادات کی اہم سرغنہ قرار دیتے ہوئے 28 سال قید کی سزاء سنائی گئی تھی۔ 3 مرتبہ رکن اسمبلی رہنے والی مایاکوڈنانی مابعد گودھرا فسادات مقدمہ میں پہلی سزاء یافتہ خاتون ہیں۔ یہ قتل عام گودھرا ٹرین آتشزنی واقعہ کے دوسرے دن ہوا تھا۔