ندی میں کار ڈوب گئی ، ماں کے ساتھ 5 بچے غرقاب

ڈرائیور کی ہٹ دھرمی نے 6 افراد کی جان لے لی ، محکمہ پولیس و ریونیو متحرک

نظام آباد ۔ یکم ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : ضلع نظام آباد کے پٹلم منڈل بیلی واگو ندی میں کار ڈوب جانے کی وجہ سے ماں اور 5 بچے غرقاب ہوگئے۔ یہ واقعہ آج شام 4 بجے پیش آیا۔تفصیلات کے بموجب ضلع میدک کے کنگیرتی منڈل کے تڑکل کی راجمنی اپنے بھائی نوین، اپنی 7سالہ دختر پریا، 4 سالہ دختر جیوتی، جوڑوا گینا سمیتا، گینا ہشمیتا3سالہ، 10ماہ کا دیپکشا نامی لڑکے کو لیکر ذریعہ کار نظام ساگر کو جارہی تھی کہ ضلع میں ہوئی زبردست بارش کی وجہ سے کھارے گائوں، کورے گائوں کے درمیان موجود ندی بیلی واگو لبریز ہوکر خطرے کے نشان سے زائد بہہ رہی تھی کہ پانی کے بہائو کو دیکھ کر ریونیو اور پولیس کے عہدیداروں نے اس پل پر سے راستہ کو بند کردیا تھا لیکن راجمنی کی کار یہاں پہنچتے ہی یہاں پر تعینات پولیس اور ریونیو کے عہدیداروں نے کار کو روک دیا لیکن کار ڈرائیور اسماعیل عہدیداروں سے الجھنا شروع کیا اور پانی سے عبور کرنے کا ارادہ ظاہر کرتے ہوئے اسٹاپرس کوتوڑ کر ندی کی طرف بڑھنا شروع کیا درمیان میں جاتے ہی پانی کے بہائو کی زد میں کار آگئی اور بریج سے نیچے گر گئی یہاں پر موجودہ عوام اور پولیس وعہدیدار راجمنی کے بھائی نوین اور ڈرائیور اسماعیل کو باہر نکالنے میں کامیاب ہوگئے لیکن پانی کا بہائو تیز ہونے کی وجہ سے کار گہرے پانی میں غرقاب ہوگئی اور اس میں سوار راجمنی، پریا، جیوتی، گینا سمیت، گینا ہشمت، دیپکشا کار سے باہر نہ نکل سکے اور غرقاب ہوگئے۔

 

اس واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریونیو کے عہدیدار متحرک ہوگئے اور فوری اقدامات کو شروع کردیا۔ پانی کا بہائو انتہائی تیز ہونے کی وجہ سے نعشوں کو ڈھونڈھنا مشکل ہورہا تھا۔ لیکن شام 6 بجے تک نعشوں کو ڈھونڈنے میں کامیابی حاصل کی گئی اور نعشوں کو باہر نکالا گیا۔ اس واقعہ کی اطلاع ملتے ہی بانسواڑہ رورل سرکل انسپکٹر پٹلم، سب انسپکٹر یہاں پہنچ گئے۔ ضلع کلکٹر ڈاکٹر یوگیتا رانا کی اس واقعہ کی اطلاع پر فوری حرکت میں آتے ہوئے مقام واقعہ کیلئے روانہ ہوگئیں۔ پولیس اور ریونیو کے عہدیدار بروقت حرکت میں آتے ہوئے نعشوں کو باہر نکالنے میں کامیابی حاصل کی گئی۔پتہ چلا ہے کہ ڈرائیور نشہ کی حالت میں تھا اور یہاں پر تعینات عہدیداروں کی کوئی بھی بات ماننے کیلئے تیار نہیں تھاجس کی وجہ سے 6افراد غرقاب ہوگئے اور کار تقریباً6 کلو میٹر دورپر ندی کے پتھروں میں جاکر رک گئی جس کی وجہ سے نعشوں کو باہر نکالنے میں کامیابی حاصل کی گئی پولیس پٹلم اس خصوص میں مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا۔ اس واقعہ کے بعد اس علاقہ میں بڑے پیمانے پر عوام کا ہجوم جمع ہوگیا ۔ضلع میں گذشتہ ایک ہفتہ سے جاری بارش کی وجہ سے آبپاشی کے چھوٹے اور بڑے پراجیکٹس لبریز ہوکر بہہ رہے ہیں ۔ پٹلم منڈل کے کھارے گائوں اور گونے گائوں کے درمیان بیلی واگوکو پانی اطراف و اکناف کے علاوہ مانجرا کا پانی بھی اس سے ملتا ہے جس کی وجہ سے یہ ندی دو دنوں سے پل کے اوپر سے بہنے کی وجہ سے خطرہ ظاہر ہورہا تھا اور عہدیدار خطرے کا نشان کا اعلان کرتے ہوئے راستہ کو بند کردیا تھا لیکن ڈرائیور اسماعیل کی ہٹ دھرمی 6 افراد کی موت کا سبب بنی۔