’میں غریبوں کی ذات سے تعلق رکھتا ہوں‘ : مودی

سونے بھدرا۔ 11 مئی (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے ان کی ذات پر سوال اٹھائے جانے پر اُترپردیش کے اپوزیشن اتحاد کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور دعویٰ کیا کہ وہ ملک کے تمام غریب افراد کی ذات سے تعلق رکھتے ہیں۔ مودی نے یہاں ایک انتخابی ریالی سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس کے ایک سینئر لیڈر پتروڈا کے ’ہوا تو ہوا‘ ریمارک پر سخت تنقیدوں کا سلسلہ جاری رکھا۔ پتروڈا نے 1984ء کے مخالف سکھ فسادات کے ضمن میں یہ ریمارک کیا تھا۔ وزیراعظم کے خطاب میں قومی سلامتی بھی اہم موضوع رہی۔ انہوں نے ماضی کی مخلوط حکومتوں پر انٹلیجنس اداروں کو کمزور بنانے کا الزام عائد کیا اور یاد دلایا کہ 21 سال قبل آج ہی کے دن پوکھران نیوکلیئر تجربہ کیا گیا تھا۔ مودی نے اپنی روایتی انداز میں کہا کہ ’’انہوں نے اترپردیش کو تباہ کردیا اور ایس پی اور بی ایس پی خود کو اس تباہی سے بچانے کیلئے متحد ہوگئے ہیں لیکن ان کی یہ مفاہمت کوئی اتحاد نہیں بلکہ مہاملاوٹ ہے۔ بہوجن سماج پارٹی کی سربراہ نے مودی کو فرضی پسماندہ طبقہ کا لیڈر قرار دیا تھا جس کا بالواسطہ حوالہ دیتے ہوئے مودی نے کہا کہ ’اب یہ لوگ میری ذات کے بارے میں نئی باتیں اٹھانے لگے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ میں ان سے کہنا چاہتا ہوں کہ مودی کی صرف ایک ذات ہے، وہ صرف اس ذات سے تعلق رکھتا ہے جس سے ملک غریب طبقہ کا تعلق ہے۔