میں سازشیوں کے مطالبہ پر مستعفی نہیں ہوں گا : نواز شریف

اسلام آباد ۔ 13 جولائی : ( سیاست ڈاٹ کام ) : وزیراعظم پاکستان نواز شریف نے پناما پیپرس کیس میں ایک تحقیقاتی پیانل کی جانب سے داخل کی گئی رپورٹ جس میں انکے اور انکے ارکان خاندان کیخلاف بدعنوانی کے معاملات درج کرنے کی سفارش کی گئی ہے اور ان پر اپنے عہدہ سے مستعفی ہونے کے مطالبات میں اضافہ کے باوجود استعفیٰ دینے سے انکار کردیا ہے ۔ کابینہ کے ایک ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے 67 سالہ نواز شریف نے جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) کی رپورٹ کو الزامات کا پلندہ قرار دیا ۔ ڈان آن لائن نے یہ رپورٹ دی ۔ انہوں نے جے آئی ٹی کی رپورٹ کے ادخال کے بعد اپوزیشن پارٹیوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ انکے ( شریف ) استعفیٰ کا مطالبہ عرصہ دراز سے کررہی ہیں جبکہ پاکستانی عوام نے ان (شریف) انتخاب کیا ہے اور صرف عوام ہی انہیں اقتدار سے بے دخل کرسکتے ہیں ۔ انہوں نے ادعا کیا کہ سیاسی زندگی میں داخل ہونے کے بعد انکے خاندان کو کوئی مالی منفعت حاصل نہیں ہوئی بلکہ کئی نقصانات کا سامنا کرنا پڑا ۔ جے آئی ٹی کی رپورٹ میں جیسی زبان استعمال کی گئی ہے اس سے پیانل کے ارادوں کا علم ہوجاتا ہے اور ایسی زبان شرفاء کیلئے استعمال نہیں کی جاتی ۔ نواز شریف نے کہا کہ جو لوگ ان پر انگلیاں اٹھا رہے ہیں وہ پہلے خود اپنے گریبان میں جھانک کر دیکھ لیں ۔ انہوں نے کہا کہ وہ سازشیوں کے مطالبہ پر اپنے عہدہ سے ہرگز استعفیٰ نہیں دینگے ۔ ڈان آن لائن کے مطابق کابینی ارکان نواز شریف سے اس بات کے خواہاں ہیں کہ وہ قانونی لڑائی لڑتے ہوئے خود کو پاناما پیپرس کیس میں معصوم اور بے قصور ثابت کریں ۔