میکسیکو کو سرحدی دیوار کے مصارف برداشت کرنے ہونگے : ٹرمپ

ٹینیسی ؍ نیش ولے۔30مئی (سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے غیر قانونی تارکین وطن کے امریکہ میں مسلسل جاری داخلے کو روکنے میں مدد نہ کرنے پر میکسیکو پر تنقید کی ہے ۔امریکی صوبہ ٹینیسی کے دارالحکومت نیش ولے میں ٹرمپ نے اپنے حامیوں کومخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آخرکار میکسیکو کودیوارکے لئے قیمت ادا کرنی پڑے گی۔انہوں نے اپنے انتخابی وعدے کو دوہراتے ہوئے کہا کہ امریکی۔میکسیکو سرحد پر دیوار کی تعمیر کیلئے میکسیکو کو رقم اداکرنی ہوگی۔امریکی صدر نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ میکسیکو، ہنڈوراس اور دیگر ممالک سے آنے والے غیر قانونی تارکین وطن کی روک تھام میں میکسیکو ہماری مدد نہیں کررہا ہے ۔

میکسیکو نہیں دے گا سرحد پر دیوار کیلئے فنڈز:صدرپینا نیٹو
میکسیکو سٹی۔30مئی (سیاست ڈاٹ کام) صدر میکسیکو اینرک پینا نیٹو نے امریکہ ۔میکسیکو سرحد پر دیوار کی تعمیرکے پیش نظر ایک بیان میں آج کہا کہ صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ کے اس منصوبے کیلئے میکسیکوفنڈز کبھی نہیں دے گا۔پینا نے یہ بات ٹوئیٹ پر کہی ہے ۔ قبل ازیں ٹرمپ نے غیرقانونی تارکین وطن کے امریکہ میں مسلسل جاری داخلے کو روکنے میں مدد نہیں کرنے کیلئے میکسیکو کی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آخر میں میکسیکو کو دیوار کیلئے مصارف برداشت کرنے ہوں گے ۔