میٹل ڈیٹکٹرس ہٹانے کے فیصلہ کی مدافعت : نتن یاہو

تل ابیب ۔ /30 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم اسرائیل بنجامن نتن یاہو نے مسجد اقصیٰ کے باب الداخلہ پر نصب میٹل ڈیٹکٹرس کو شدید احتجاج کے بعد ہٹانے کے فیصلہ کی مدافعت کی ۔ انہوں نے کہا کہ سلامتی کے مفاد میں ایسا کیا گیا ۔ اسرائیل نے حرم شریف میں /14 جولائی کو حملہ کے بعد باب الداخلہ پر میٹل ڈیٹکٹرس اور سکیورٹی کیمرے نصب کردیئے تھے ۔ مسلمانوں نے اس فیصلہ کے خلاف زبردست احتجاج کیا اورپرتشدد احتجاجی مظاہرے ہوئے جس کے بعد /23 جولائی کو میٹل ڈیٹکٹرس اور کیمرے ہٹادیئے گئے ۔ حکومت اسرائیل کے اس فیصلہ کی خود ان کے قدامت پسند اتحاد نے نکتہ چینی کی ۔ اسرائیلی یہودیوں کے سروے میں 77 فیصد کا احساس ہے کہ یہ فیصلہ شکست تسلیم کرنے کے مترادف ہے ۔ نتن یاہو کے حامی ایک اخبار نے بھی فیصلہ پر تنقید کی ۔ نتن یاہو نے آج کابینہ کے اجلاس میں کہا کہ وہ عوام کے جذبات کو سمجھتے ہیں ۔ انہیں معلوم ہے کہ یہ فیصلہ آسان نہیں تھا ۔ لیکن بحیثیت وزیراعظم اسرائیل کے تحفظ کی ذمہ داری ان کے کندھوں پر ہے لہذا انہوں نے کافی غور و خوص کے بعد یہ فیصلہ کیا ۔