میٹرو ریل کی تعمیر و تزئین معیاری

حیدرآباد۔یکم ستمبر ( پی ٹی آئی) میٹرو ریل پر غیر معمولی مہارت کے سبب ’میٹرومین‘‘ کے لقب سے معروف ای سریدھرن نے آج حیدرآباد میٹرو ریل ( ایچ ایم آر ) کے دو اسٹیشنوں کے درمیان تجرباتی سفر میں حصہ لیا اور اس پراجکٹ کی تعمیر کے علاوہ یہاں کے ڈپو میں تیار کردہ تنصیبات کو انتہائی معیاری قرار دیا ۔ دہلی میٹرو ریل کارپوریشن کے پرنسپال اڈوائیزر سریدھرن نے ایچ ایم آر کے منیجنگ ڈائرکٹر این وی ایس ریڈی کے ساتھ ناگول اور سروے آف انڈیا اسٹیشنوں کے درمیان تجرباتی سفر میں حصہ لیا ۔ انہوں نے ناگول اسٹیشن اور اُپل میٹرو ریل ڈپو میں مختلف تنصیبات کا معائنہ بھی کیا ۔ مسٹر سریدھرن نے کہا کہ’’ ٹرین کی رفتار ‘ دوڑ کے معیارات اور حیدرآباد میٹرو سسٹم کے مختلف عناصر بہترین ہیں‘‘ ۔ مسٹر سریدھرن نے مسٹر ریڈی اور انجنیئروں کی ٹیم کو مشورہ دیا کہ وہ باقی کام میں بھی یہ معیار برقرار رکھیں اور پراجکٹ کو مقررہ وقت پر مکمل کریں ۔ 14,132کروڑ روپئے تخمینی مالیت کا یہ پراجکٹ ایل اینڈ ٹی اور حیدرآباد میٹرو ریل کی طرف سے تعمیر کیا جارہا ہے ۔ عوامی و خانگی شعبہ کی ساجھیداری میں یہ سب سے بڑا شہری انفراسٹرکچر پراجکٹ ہے جس کے تحت تین راہداریوں کے ساتھ 72کلومیٹر طویل میٹرو ریل کا آغاز کیا جارہا ہے جس کے 66اسٹیشنس ہوں گے ۔