میرے چہرے پر زور کا طمانچہ : پرکاش راج

ناکامی کے باوجود سیکولر ہندوستان کی برقرار ی کیلئے جدوجہد کا عزم
بنگلورو 23 مئی (سیاست ڈاٹ کام) بنگلور سنٹرل سے آزاد امیدوار کی حیثیت سے لوک سبھا انتخابات 2019 ء کا مقابلہ کرنے والے فلم اداکار پرکاش راج نے شکست تسلیم کرلی ہے اور کہاکہ یہ نتیجہ اُن کے چہرے پر زور کا طمانچہ ہے۔ لیکن اُنھوں نے عہد کیاکہ سیکولر ہندوستان کو برقرار رکھنے کے لئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ نیشنل ایوارڈ جیتنے والے اداکار پرکاش راج نے کانگریس کے رضوان ارشد اور موجودہ بی جے پی ایم پی پی سی موہن کے خلاف مقابلہ کیا تھا۔ اب یہ مقابلہ موہن اور رضوان ارشد کے درمیان جاری ہے جہاں موہن 5.4 لاکھ ووٹوں سے آگے ہیں جبکہ ارشد کے حق میں 4.9 لاکھ ووٹ آرہے ہیں۔ پرکاش راج صرف 25,881 ووٹوں سے پیچھے ہیں۔ اپنی شکست کو تسلیم کرتے ہوئے مرکز رائے شماری سے مایوس کن حالت میں باہر آکر اُنھوں نے ٹوئٹر پر لکھا کہ آج کا یہ نتیجہ میرے چہرے پر زوردار طمانچہ ہے۔ لیکن میں اپنے مقاصد کے حصول کے لئے اور سیکولر ہندوستان کو بچانے کے لئے کام کرتا رہوں گا۔ انھیں ووٹ دینے والوں سے اظہار تشکر کرتے ہوئے اُنھوں نے کہاکہ اُنھوں نے کٹھن سفر کی ابھی شروعات کی ہے مجھے بہت دور جانا ہے۔