مہذب معاشرے کے فروغ میں ثقافت کا اہم رول

’’لامکاں‘‘ اظہار خیال کی آزادی کا بہترین مرکز، یدھ ویر فاؤنڈیشن کی ایوارڈ تقریب

لامکاں کے بانیان کو ایوارڈ اور توصیف نامہ
مسٹر جیش رنجن اور جناب زاہدعلی خاں کا خطاب

حیدرآباد ۔30 اپریل(سیاست نیوز) مہذب معاشرے کے فروغ میں ثقافت کا اہم رول ہے ۔ حیدرآباد کا شمار بھی قدیم ثقافتی شہر میںہوتا ہے جس کی تہذیب وتمدن سارے دنیا میںمقبول ہے۔ دہلی اور لکھنو جیسے تاریخی شہروں میںحیدرآباد کاشمار ہے۔ اپنی تہذیب اور ثقافت کو عام کرنے والے اداروں کی حوصلہ افزائی وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ یدھ ویر فائونڈیشن نے اپنے 28ویں ایوارڈ پروگرام میں بانیان’ لامکان ‘کو ایوارڈ پیش کرتے ہوئے حوصلہ افزائی کرتے ہوئے تحریک کو آگے بڑھانے کاکام کیا ہے۔ پرنسپل سکریٹری ائی ٹی‘ انڈسٹریز اینڈ کامرس حکومت تلنگانہ مسٹر جیش رنجن ( ائی اے ایس) نے یدھ ویر فائونڈیشن کے 28ویں ایوارڈ تقریب سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کے دوران ان خیالات کا اظہار کیا۔ اس سال یدھ ویر فاونڈیشن نے ’لامکان‘ کے بانیان اشہر فرحان‘ حمیرہ احمد‘ الہی حبت اللہ اور بیجو متھیو کو ایوارڈ کے ساتھ ایک لاکھ روپئے کی رقم ‘ توصیف نامہ بھی پیش کیا۔ مدیر اعلی روزنامہ سیاست وٹرسٹی یدھ ویر فاونڈیشن جناب زاہد علی خان نے مہمانوں کا استقبال کرتے ہوئے مہمان خصوصی جیش رنجن اور لامکان کے بانیان کی تفصیلات پیش کیں۔ سلسلہ خطاب کو جاری رکھتی ہوئے مسٹر جیش رنجن نے کہاکہ پیشہ وارانہ زندگی سے وابستہ رہنے کے باوجود’لامکان ‘ کی بنیاد ایک بہتر سونچ کے ساتھ ڈالی گئی ۔ انہوں نے کہاکہ ’ لامکان ‘ محتاج تعارف نہیںہے اور حیدرآباد میں کئی ایسے مقامات ہیں جو ’لامکان ‘ سے متاثر ہوکر قائم کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ حکومت تلنگانہ کی نگرانی میں بھی ایک مرکز ’لامکان ‘ سے متاثر ہوکر قائم کیاگیا ہے ۔ انہوں نے یدھ ویر فاونڈیشن کی ستائش کرتے ہوئے کہاکہ سماج میں ریفارمرس لانے والے لوگوں کی حوصلہ افزائی کا جو کام یدھ ویر فاونڈیشن کررہا ہے وہ قابل تقلید ہے۔ جیش رنجن نے کہاکہ ’لامکان ‘
کے بانی اشہر فرحان اور الہی حبت اللہ کے خدمات سے حکومت تلنگانہ بھی استفادہ اٹھارہی ہے۔ انہوں نے ’لامکان‘ میں ہونے والی سرگرمیوں پر بھی اس موقع پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ جب تک آپ ’لامکان‘ نہیںجائیں گے وہاں کی سرگرمیوں میںآپ کو اندازہ نہیں ہوگا۔ مدیر اعلی سیاست جناب زاہد علی خان نے اپنے خیر مقدمی خطاب میں آنجہانی شری یدھ ویر جی کے سماجی او رفلاحی خدمات کو ناقابل فراموش قراردیا اور کہاکہ تقسیم ہند کے وقت یدھ ویر جی نے ہندومسلم اتحاد کی بحالی کے لئے کافی سرگرم رول اداکیاتھا ۔جناب زاہد علی خان نے ’ لامکان‘ کے بانیوں کی تعلیمی قابلیت اور پیشہ وارنہ زندگی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ ’لامکان ‘ اظہار خیال کی آزادی کا ایک بہترین مرکز ہے جہاں پر عوامی مسائل پر مشتمل سیر حاصل بحث او رمباحثوں کا شاندار پیمانے پر انعقاد عمل میںلایاجاتا ہے۔انہوں نے یدھ ویر فاونڈیشن کی سرگرمیوں پر بھی روشنی ڈالی ۔ انہوں نے کہاکہ ’لامکان‘ کے ذریعہ سکیولر او رڈیموکرٹیک تحریکات کو وسعت دینے کاکام کیاجاتا رہا ہے۔بانی ’لامکان‘ اشعر فرحان نے تقریب سے خطاب کرتے یدھ ویر فاونڈیشن اور اس کے ٹرسٹیز کا شکریہ ادا کیا اور ایوارڈ کے ساتھ ملنے والی ایک لاکھ کی رقم کو ’لامکان‘ میںخدمات انجام دینے والے ملازمین میںتقسیم کرنے کا اعلان بھی کیا۔الہی حبت اللہ نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔ اس موقع پر مجاہد جنگ آزادی انجہانی یدھ ویر کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ نریندر رائے ہرسال کی طرح اس سال بھی نظم پیش کی اورشریمتی ویپا ویر نے مہمانوں او رایوارڈ یافتہ گان کا تعارف کروایا جبکہ ڈاکٹر مرلی دھر گپتا نے شکریہ ادا کیا۔ خان اطہر کے قومی ترانے پر تقریب کا اختتام عمل میں آیا۔