مہاراشٹرا میں مراٹھا احتجاج جاری ‘ ایک شخص نے خود کشی کرلی

ا9اگسٹ کو بڑی مراٹھا ریلی کا اعلان
ممبئی 30 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) ملازمتوں اور تعلیم میں تحفظات کا مطالبہ کر رہی مراٹھا برادری نے کہا کہ ان کے مطالبہ کی تائید میں 9 اگسٹ کو ممبئی میں ایک بڑی ریلی منعقد ہوگی ۔ آج شولا پور میں احتجاجیوں نے بند منایا اور اس دوران ان کا پولیس سے تصادم بھی ہوا ۔ مراٹھا ٹرانتی مورچہ کے لیڈر ونو پوکھر کر نے کہا کہ ہم 9 اگسٹ کو ممبئی میں ایک بڑی ریلی منعقد کریں گے ۔

پونے میں احتجاجیوںکا تشدد ۔ 4 پولیس اہلکار زخمی ۔ 70 گاڑیوں کو نقصان پہونچایا گیا
اورنگ آباد / پونے 30 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) مراٹھا برادری کی جانب سے ملازمتوں میں تحفظات کے مطالبہ پر ایک اور شخص نے آج خود کشی کرلی جبکہ یہ بھی اطلاعات ہیں کہ مہاراشٹرا میں علیحدہ مقامات پر احتجاجیوں نے تشدد اور آگ زنی انجام دی ۔ ایک سینئر پولیس عہدیدار نے بتایا کہ پونے کے قریب چاکن کے مقام پر احتجاجیں کی سنگباری میں تقریبا چار پولیس عہدیدار زخمی ہوگئے جبکہ 70 گاڑیوں بشمول سرکاری بسوں اور پولیس کی گاڑیوں کو بھی یا تو نقصان پہونچایا گیا یا پھر نذر آتش کردیا گیا ۔ انسپکٹر جنرل پولیس ( کولہاپور رینج ) وشواس ننگارے پاٹل نے بتایا کہ احتجاجیوں نے 30 گاڑیوں کو نذر اتش کردیا ۔ ان میں بیشتر اسٹیٹ ٹرانسپورٹ کی یا پھر پونے بلدیہ کی بسیں تھیں ۔ اس کے علاوہ تقریبا 40 گاڑیوں کو توڑ پھوڑ کا نشانہ بنایا گیا جن میں خانگی گاڑیاں بھی شامل تھیں۔ کہا گیا ہے کہ احتجاجیوں نے چاکن پولیس اسٹیشن کے باہر پولیس کی گاڑیوں کو نذر آتش کیا اور سنگباری بھی کی تاہم پولیس عملہ نے ہجوم کو منتشر کردیا ۔ چار پولیس اہلکار سنگباری میں زخمی ہوئے ہیں جن میں سینئر انسپکٹر اور ڈی ایس پی بھی شامل ہے ۔ کہا گیا ہے کہ راج گرو نگر ٹاؤن میں بھی تقریبا تین تا چار ہزار احتجاجی پولیس اسٹیشن کے باہر جمع ہوگئے اور انہوں نے سنگباری کی تاہم پولیس فورس نے انہیں کامیابی سے منتشرکردیا ۔ پولیس نے آنسو گیس کے شیلس برسائے اور لاٹھی چارچ کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ پونے میں بیک وقت کئی مقامات پر احتجاج ہورہا ہے پولیس فورس کو تقسیم ہوکر کام کرنا پڑ رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم صورتحال کو قابو میں کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ چاکن میں تشدد کی وجہ سے پونے ۔ ناسک شاہراہ پر ٹریفک درہم برہم ہوگئی اور کئی بسوں کو منسوخ کردیا گیا ۔