مکیش امبانی کی جیو 4G سرویس ، مفت وائس کالس

نیشنل رومنگ کے ساتھ انٹرنیشنل ڈاٹا شرح بھی بہت کم ، ٹیلیکام سرویس میں تہلکہ
ممبئی ۔ یکم ؍ ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ٹیلیکام شعبہ میں زبردست تہلکہ مچانے والا اقدام کرتے ہوئے مکیش امبانی نے آج اعلان کیاکہ ان کی کمپنی جیو 4G سرویس کا آغاز کیا جارہا ہے جس نے فری وائس کالنگ کی پیشکش کی ہے۔ نیشنل رومنگ کے علاوہ انٹرنیشنل ڈاٹا شرح بھی بہت کم رہے گی۔ ہندوستان کے سب سے متومل شخص 59 سالہ امبانی جو زائد از ایک دہے سے ٹیلیکام بزنس میں سرگرم ہیں جبکہ ان کے چھوٹے بھائی انیل امبانی ریلائنس کے مالک ہیں۔ ان کے والد نے ریلائنس کو دو حصوں میں تقسیم کردیا تھا۔ ریلائنس جیو انفوکام لمیٹیڈ کی جانب سے بہت ہی کم مدت میں 100 ملین کسٹمرس کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ ریلائنس انڈسٹریز کی سالانہ جنرل میٹنگ میں وائرلیس فون کے ساتھ ریلائنس جیو انفوکام میں 50 روپئے میں جی بی فراہم کرنے کی پیشکش کی جبکہ ماہانہ سب سے کم پلان 149 کا ہوگا۔ جی او ریزرو کیلئے وائس کالنگ تاحیات کیلئے مفت رہے گی اور یہ نیشنل رومنگ پر بھی رہے گا۔ مکیش امبانی نے کہا کہ ہم ہندوستانی گاندھی گیری کیلئے جانی جاتے ہیں اور اس کی ستائش کی جاتی ہے۔ اب ہم کو ڈاٹاگیری سے بھی مخاطب کیا جاسکتا ہے۔ اس موقع پر لا محدود اچھی پیشکش ہوگی اور لا محدود ڈاٹا بھی دستیاب ہوگا۔ 2003ء میں غیرمنقسم ریلائنس نے مانسون ہنگامہ کا اعلان کرتے ہوئے دھوم مچادی تھی۔ اس نے وائرلیس کنکشن کو صرف 501 روپئے میں یقینی بنایا تھا۔ اپنی 90 منٹ کی تقریر میں مکیش امبانی نے دو تہائی حصہ جی او کے بارے میں اظہارخیال کیا اور کہا کہ جی او فونس پر وائس کالنگ تاحیات مفت رہے گی اور 31 ڈسمبر کے بعد 10 ڈاٹا پلانس کی پیشکش کی جائے گی اور 19 روپئے میں ایک دن کیلئے یہ پیشکش ہوگی ۔ ماہانہ 149 روپئے سب سے کم ڈاٹا یوزرس کیلئے دیا جائے گا۔ سب سے زیادہ ڈاٹا استعمال کرنے والوں کیلئے ماہانہ 4999روپئے ہوں گے۔