مکہ مسجد بم دھماکہ کے 12 سال ، سخت سیکوریٹی انتظامات

حساس مقامات پر زائد فورس کی تعیناتی ، کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا
حیدرآباد ۔ 18 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : شہر کی تاریخی مکہ مسجد میں بم دھماکوں کے 12 سال کے موقع پر آج سخت ترین انتظامات کئے گئے تھے ۔ بالخصوص پرانے شہر حیدرآباد میں پولیس کی زائد فورس کو طلب کرتے ہوئے حساس مقامات پر تعیناتی عمل میں لائی گئی تھی ۔ تاہم اس دوران شہر کے کسی بھی علاقہ میں کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا ۔ یاد رہے کہ 12 سال قبل سال 2007 میں نماز جمعہ کے موقع پر تاریخی مکہ مسجد میں بم دھماکہ پیش آئے تھے جس میں 9 مصلیان بم دھماکہ میں اور اس کے بعد ہوئی پولیس فائرنگ میں 5 مصلیان شہید ہوگئے تھے اور بم دھماکہ کرنے والوں کا تاحال کوئی پتہ نہیں چل سکا چونکہ اس سلسلہ میں گرفتار بھی افراد بری کردئیے گئے ۔ مکہ مسجد بم دھماکہ میں ایک سو سے زائد مصلیاں بھی زخمی ہوگئے تھے اور پولیس فائرنگ کرنے والوں کو سرکاری انعامات و اعزاز سے نوازا جاچکا ہے ۔ آج 12 ویں برسی کے موقع پر پولیس نے شہر بھر بالخصوص پرانا شہر حیدرآباد میں خصوصی چوکسی اختیار کی تھی اور اعلیٰ پولیس عہدیداروں کو علاقوں کی حساس نوعیت کو دیکھتے ہوئے زائد ذمہ داریاں تفویض کی گئیں تھیں اور کمشنر پولیس وقفہ وقفہ سے حالات کا جائزہ لے رہے تھے ۔ آج دوپہر کمشنر پولیس حیدرآباد سٹی مسٹر انجنی کمار چارمینار علاقہ پہونچ گئے اور چارمینار پولیس اسٹیشن میں انہوں نے کیمپ کیا اور حالات کا جائزہ لینے کے بعد شہریوں سے ملاقات کی ۔ شہر کے پرامن حالات پر انہوں نے اطمینان کی سانس لی اور اپنے پیغام میں پرانے شہر کی عوام سے اپیل کی کہ وہ اس ماہ مبارک میں شہر کی ترقی اور امن و امان کی برقراری کے لیے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کریں ۔ انہوں نے شہر اور شہریوں کی زندگی کے متعلق نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ ماہ مبارک میں پرانے شہر میں وقت گذارنے اور عوام کے درمیان رہتے ہوئے ان سے ملاقات کرنے اور بات چیت کرنے میں انہیں دلی مسرت اور تسکین حاصل ہوتی ہے ۔۔