موٹاپے میں کمی لانے والی 6 بہترین غذائیں

سبز پتوں والی سبزیاں
پالک کیلوریز میں کم مگر غذائیت سے بھرپور سبزی ہے جو آپ کو پسند بھی آئے گی، ایک تحقیق کے مطابق جو لوگ اپنی غذا میں سبزیاں زیادہ استعمال کرتے ہیں، انہیں پیٹ بھرنے کا احساس دیگر افراد کے مقابلے میں زیادہ ہوتا ہے، جس کی وجہ اس میں موجود اجزا ء ہیں جو بھوک لگنے نہیں دیتے۔
چکن اور مرچیں
چکن کا گوشت وزن میں کمی کے لئیبہترین ہے اور اگر اس میں سبز مرچوں کا اضافہ کردیا جائے تو چکن میں موجود پروٹین زیادہ بہتر طریقے سے ہضم ہوتا ہے، جبکہ پیٹ بھی زیادہ دیر تک بھرا رہتا ہے۔
انڈے
اپنے دن کا آغاز پروٹین سے بھرپور ناشتے سے کریں، ایک تحقیق کے مطابق ناشتے میں انڈوں کا استعمال دوپہر کے کھانے میں کیلوریز کا استعمال 22 فیصد تک کم کردیتا ہے، جبکہ دن بھر میں بھی بھوک کم لگتی ہے۔
سبز چائے اور لیموں
اگر آپ سبز چائے کا استعمال زیادہ کریں تو اس میں موجود اینٹی آکسائیڈنٹ آپ کو زیادہ چربی گھلانے میں مدد دیتے ہیں، جاپانی سائنسدانوں نے دریافت کیا ہے کہ سبز چائے کا استعمال دو ہفتوں کے دوران کافی زیادہ چربی گھلانے میں مدد دیتا ہے جس میں اگر لیموں کا اضافہ کردیا جائے تو جسم کو اس مشروب کو جلد جذب کرنے میں مدد ملتی ہے۔
جو کا دلیہ
یہ توند اور موٹاپے میں کمی لانے کا آسان طریقہ ہے، بس اپنی غذا میں زیادہ فائبر کا استعمال جسمانی وزن میں کمی لاتا ہے، کیونکہ ہمارا جسم فائبر کو توڑنے میں کامیاب نہیں ہوتا اور یہ غذا آہستگی سے ہضم ہوتی ہے جس سے پیٹ دیر تک بھرا رہتا ہے۔
پستہ
دن میں کسی وقت منہ چلانے کی خواہش ہوتی ہے؟ اگر ہاں تو پروٹین، صحت مند چربی اور فائبر کا امتزاج یعنی پستہ بہترین ہے، پستہ سب سے کم کیلوریز والا خشک میوہ ہے، جو بے وقت کی بھوک کے لیے بھی فائدہ مند ہے۔