موٹاپے سے بچاؤ کا آسان ترین حل

اگر آپ موٹاپے میں کمی لانا چاہتے ہیں تو گوشت کو کچھ عرصے کے لئے اپنی غذا سے باہر نکال دیں۔یہ بات برطانیہ میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ جسمانی وزن میں کمی لانے کا سب سے تیز رفتار طریقہ گوشت سے دوری اختیار کرلینا ہے۔تحقیق کے مطابق گوشت کے مقابلے میں صرف سبزیوں کے استعمال سے ایک ماہ کے اندر ڈیڑھ کلو گرام تک وزن میں کمی آسکتی ہے۔یہ بات بھی سامنے آئی کہ سبزیوں کو عادت بنالینے والے افراد میں جسمانی سرگرمیوں یا جِم جانے کا رجحان گوشت کھانے والوں کے مقابلے میں زیادہ ہوتا ہے۔چونکہ ان کی غذا میں چربی کم ہوتی ہے اس لیے بھی جسمانی وزن میں نمایاں کمی آتی ہے۔یہ تحقیق برطانیہ میں موٹاپے میں کمی لانے کے لیے کام کرنے والے ادارے فورزہ سپلیمنٹس نے کرائی۔

محققین کا کہنا تھا کہ گوشت چھوڑنے سے 87 فیصد تک اس بات کا امکان ہوتا ہے کہ جسمانی وزن میں کمی آئے گی۔
خیال رہے کہ موٹاپا ذیابیطس ٹائپ ٹو، امراض قلب، فالج اور کینسر سمیت متعدد امراض کا خطرہ بڑھا دیتا ہے۔
اس سے پہلے گزشتہ ہفتے امریکہ کی آرسیرو یونیورسٹی کی تحقیق کے مطابق نشاستہ کی مزاحمت کرنے والے کاربوہائیڈریٹس کا استعمال موٹاپے کے کنٹرول میں رکھنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔
یہ کاربوہائیڈریٹس بیج، اجناس، سفید چاول اور پاستا وغیرہ میں پایا جاتا ہے۔
تحقیق کے مطابق یہ کاربوہائیڈریٹس دیر سے ہضم ہوتے ہیں اور معدے میں فیٹی ایسڈز میں تبدیل ہوجاتے ہیں، جنھیں ہمارا جسم توانائی کے طور پر جلاتا ہے۔
یہ کاربوہائیڈریٹس سفید ڈبل روٹی یا میٹھی اشیاء میں پائے جانے والے کاربوہائیڈریٹس سے مختلف ہوتے ہیں جو فوری طور پر جسم میں جذب ہوکر جلنے کے بجائے چربی کا ذخیرہ کرتے ہیں اور موٹاپے کا باعث بنتے ہیں۔
اس تحقیق میں پہلی بار یہ بات سامنے آئی ہے کہ سفید چاول اور پاستا میں موٹاپے سے تحفظ دینے والے کاربوہائیڈریٹس پائے جاتے ہیں اور سادہ چاول کا اکثر استعمال موٹاپے سے تحفظ میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔