مولانا سمیع الحق قاتلانہ حملے میں شہید

اسلام آباد ۔ 2 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) جمعیت علمائے اسلام (س) کے سربراہ مولانا سمیع الحق قاتلانہ حملے میں شہید ہوگئے۔مولانا سمیع الحق کے صاحبزادے مولانا حامد الحق نے میڈیا کو ٹیلی فون پر بتایا کہ مولانا سمیع الحق پر راولپنڈی کی ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں واقع ان کے گھر کے اندر حملہ کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ مولانا سمیع الحق عصر کے بعد اپنے گھر پر آرام کر رہے تھے ،ان کے ڈرائیور اور محافظ مولانا احمد حقانی کچھ دیر کے لیے باہر گئے اور جب واپس آئے تو مولانا اپنے بستر پر پڑے تھے۔مولانا سمیع الحق کے بیٹے نے بتایا کہ ان کے والد پر چھریوں سے وار کیے گئے۔ذرائع کے مطابق مولانا سمیع الحق کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔جمعیت علمائے اسلام س پشاور کے صدر مولانا حصیم نے مولانا سمیع الحق کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔