مولانامحمود مدنی کا استعفیٰ نا منظور

سابق ممبرپارلیمنٹ مولانا سید محمود مدنی کا جمعیۃ علماء ہند کے جنرل سکریٹری کے عہدہ سے استعفیٰ نامنظور کردیا گیا ہے۔ مولانا محمود مدنی نے گزشتہ ماہ جمعیۃ علما ہند کے ناظم عمومی کے عہدہ سے ذاتی وجوہات کی بنیاد پر استعفی دیدیا تھا ۔ مولانا مدنی کے استعفی کو نامنظور کرنے کا فیصلہ مجلس عاملہ کی میٹنگ میں کیا گیا ۔

میٹنگ کے بعد نیوز 18 اردو سے بات کرتے ہوئے مجلس عاملہ کے رکن نیاز فاروقی نے کہا مولانا مدنی اپنے عہدہ پر بنے رہیں گے۔ وہ الیکشن لڑنے نہیں جا رہے ہیں۔ تاہم ، نیاز فاروقی نے یہ بھی کہا کہ انہیں سیاست کرنے یا الیکشن لڑنے پر کوئی روک نہیں ہے۔

خیال رہے کہ مولانا محمود مدنی نے اپنے استعفیٰ نامہ میں آفیشیل لیٹرہیڈ پرصدر محترم کومخاطب کرتے ہوئے لکھا تھا ’’بصد احترام جناب والا کی خدمت میں عاجزانہ عرض ہے کہ یہ ناکارہ اپنی تمام ترنا اہلیوں اورمختلف ذاتی اعذارکی بنا پرناظم عمومی ، جمعیۃعلماء ہند کےعہدے سے مستعفی ہوتا ہے‘‘۔ مولانا مدنی کے استعفی کے بعد سوشل میڈیا سمیت مختلف حلقوں میں قیاس آرائیوں کا بازار گرم ہوگیا تھا ۔

جہاں ایک طرف مولانا محمود مدنی کے الیکشن لڑنے کی باتیں کہی جارہی تھیں تو وہیں کچھ حلقوں میں استعفی کی وجہ جمعیۃ علما ہند میں آپسی اختلافات بتائی جارہی تھی ۔ تاہم اب ان کا استعفی نامنظور کردیا گیا ہے اور وہ جمعیۃ علما ہند کے جنرل سکریٹری کے عہدہ پر برقرار رہیں گے ۔