مودی کی اوباما سے ملاقات – مودی اور نواز شریف کا مصافحہ

ماحولیاتی تبدیلی پر ہندوستان ذمہ داری نبھائیگا

مودی کی اوباما سے ملاقات

پیرس ۔ 30 نومبر ۔ (سیاست ڈاٹ کام ) وزیراعظم نریندر مودی نے آج کہاکہ ماحولیاتی تبدیلی کے ضمن میں ہندوستان اپنی ذمہ داری پوری کرے گا ۔ انھوں نے صدر امریکہ براک اوباما سے ماحولیاتی چوٹی اجلاس کے موقع پر ملاقات کے دوران یہ بات کہی ۔ انھوں نے اس اہم موضوع پر صدر امریکہ کے خطاب کی ستائش کی جس میں انھوں نے کھلے ذہن کے ساتھ اہم اُمور کی نشاندہی کی ہے ۔ انھوں نے کہاکہ اس سے ایک دوسرے کو بہتر انداز میں سمجھنے میں مدد ملے گی ۔ نریندر مودی نے اوباما کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ ہندوستان سے جو توقعات وابستہ کی جارہی ہیں وہ پوری کی جائیں گی ۔ ہم ترقی اور ماحول کے تحفظ کے مابین توازن قائم کررہے ہیں ۔ وزیراعظم نے 175GW قابل تجدید توانائی کی پیداوار کا نشانہ مقرر کرنے ہندوستان کے عزائم کا اظہار کیا ۔ وزیراعظم کا یہ تبصرہ امریکی سکریٹری آف اسٹیٹ جان کیری کے اس سخت بیان کے پس منظر میں سامنے آیا کہ ماحولیاتی کانفرنس میں ہندوستان ایک چیلنج ثابت ہوگا ۔ وزیر ماحولیات پرکاش جاوڈیکر نے اس تبصرے کو نامناسب قرار دیا ۔ نریندر مودی اور اوباما کی ملاقات کے دوران جاوڈیکر اور کیری دیگر سینئر وزراء اور عہدیداروں کے ہمراہ موجود تھے ۔ نریندر مودی نے شمسی اتحاد پیشرفت کا بھی تذکرہ کیا اور کہاکہ اس سے خوابوں کو پوراکرنے میں مدد ملے گی جس نے تمام ممالک کو یہاں متحد کیا ہے ۔
ہند ۔پاک باہمی ماحول میں خوشگوار تبدیلی
مودی اور نواز شریف کا مصافحہ
پیرس ۔ 30 نومبر ۔ (سیاست ڈاٹ کام ) وزیراعظم نریندر مودی اور پاکستانی ہم منصب نواز شریف کی آج ماحولیاتی چوٹی اجلاس کے موقع پر اتفاقی ملاقات ہوئی جہاں دونوں نے گرمجوشی سے مصافحہ کیا اور کچھ دیر بیٹھ کر آپس میں بات چیت کی ، اس طرح ہندوستان اور پاکستان کے مابین ماحول میں خوشگوار تبدیلی محسوس کی گئی ۔ وزارت اُمور خارجہ کے ترجمان وکاس سروپ نے کہا کہ یہ ایک خیرسگالی ملاقات تھی جو سربراہان مملکت لاؤنج میں ہوئی ۔ وزیراعظم نے یہاں مختلف ممالک کے سربراہان سے ملاقات کی ہے ۔ جب اُن سے نواز شریف کے ساتھ ہوئی ملاقات کے بارے میں پوچھا گیا تو انھوں نے اسے ایک اتفاقی ملاقات قرار دیا۔ قبل ازیں ترجمان نے ٹوئٹ کیا کہ وزیراعظم نریندر مودی کی وزیراعظم پاکستان نواز شریف سے COP21 پیرس میں ملاقات ہوئی اور انھوں نے دونوں قائدین کی مصافحہ کرتی ہوئی تصویر بھی سوشیل میڈیا پر ڈالی ۔ جولائی میں روس کے شہر اوفا میں دونوں قائدین کی آخری مرتبہ ملاقات ہوئی تھی جس میں اس بات سے اتفاق کیا گیا تھا کہ قومی سلامتی مشیر مذاکرات شروع کئے جائیں گے لیکن دونوں ممالک کے ایک دوسرے پر الزامات اور جوابی الزامات کے باعث یہ ملاقات نہیں ہوسکی ۔ مودی نے جاپان کے وزیراعظم شینز آبے سے بھی مختصر ملاقات کی ۔ صدر فرانس فرینکوئس اولاند نے چوٹی اجلاس میں شریک ہونے والے عالمی قائدین کیلئے خصوصی ظہرانہ ترتیب دیا تھا ۔