مودی کو گھر کی راہ دکھائی جائے : منموہن سنگھ

پانچ سالہ حکمرانی تباہ کن ، حکومت کی بیدخلی کیلئے عوام نے ذہن بنالیا ہے
نئی دہلی ۔ /5 مئی (سیاست ڈاٹ کام) سابق وزیراعظم منموہن سنگھ نے وزیراعظم نریندر مودی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اب انہیں گھر کی راہ دکھائی جانی چاہئیے ۔ ان کا پانچ سالہ دور حکومت تباہ کن اور نہایت ہی تشویشناک رہا ہے ۔ ملک کا ہر جمہوری ادارہ کو حکومت نے پامال کیا ہے ۔ ہندوستان کے نوجوانوں ، کسانوں ، تاجروں سے لے کر ہر شہری مودی حکومت کی پالیسیوں سے بری طرح متاثر ہوا ہے ۔ منموہن سنگھ نے انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ہندوستان جیسے کثیرالوجود ملک پر کسی ایک شخص کی رائے مسلط نہیں کی جاسکتی ۔ منموہن سنگھ نے مودی کے حق لہر چلنے کی باتوں کو مسترد کردیا اور زور دے کر کہا کہ عوام نے مودی حکومت کو بے دخل کرنے کا ذہن بنالیا ہے ۔ مودی پر اب تک کی گئی تنقیدوں میں سے شدید تنقید کرتے ہوئے منموہن سنگھ نے الزام عائد کیا کہ گزشتہ پانچ سال کے دوران ہندوستانی عوام نے بدترین رشوت ستانی دیکھی ہے ۔ ناقابل تصور حد تک بدعنوانیاں کی گئی ہیں ۔ مودی کی پاکستان پالیسی بھی مطلب پر مبنی ہے ۔ ہندوستان کی خارجہ پالیسی ہمیشہ عالمی قائدین کے نزدیک اہمیت کی حامل ہوا کرتی تھی لیکن پانچ سال کے دوران مودی حکومت کی خارجہ پالیسی نے ہندوستان کی قدر و منزلت گھٹادی ہے ۔ منموہن سنگھ کو 1990 ء میں ہندوستان کے معاشی اصلاحات کا معمار قرار دیا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی تازہ جی ڈی پی انحطاط کا شکار ہے اور مودی حکومت ملک کی معیشت کو نازک موڑ پر چھوڑچکی ہے ۔ پلوامہ حملہ بھی انٹلیجنس کی سنگین ناکامی کا ثبوت ہے ۔