’مودی کو نفرت سے نہیں محبت سے شکست دینے کا عزم‘

وزیراعظم نے میرے خاندان کیخلاف نفرت پھیلائی اور میں نے محبت : راہول گاندھی
شجلپور۔11 مئی (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کے صدر راہول گاندھی نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی، آر ایس ایس اور وزیراعظم نریندر مودی، ان کے خاندان (گاندھی) کے خلاف نفرت رکھتے ہیں لیکن وزیراعظم کے لئے وہ (راہول) ایسے ہی (نفرت انگیز) احساسات نہیں رکھتے۔ انہوں نے کہا کہ مودی اگرچہ ان (راہول) ان کے والد راجیو گاندھی اور دادی اندرا گاندھی اور پرنانا جواہر لعل نہرو کے خلاف بار بار کئی تنقیدیں کرتے رہے ہیں لیکن انہوں (راہول) نے ہمیشہ ہی وزیراعظم سے پیار و محبت کا اظہار کیا ہے۔ کانگریس کے صدر کے ان ریمارکس سے ایک ہفتہ قبل مودی نے ایک ریالی سے خطاب کے دوران کہا تھا کہ سابق وزیراعظم راجیو گاندھی اپنے درباری حلقہ بگوشوں میں اگرچہ ’’مسٹر کلین‘‘ قرار دیئے جاتے تھے لیکن ان کی زندگی ’’بھرشٹاچاری نمبر 1‘‘ کی حیثیت سے ختم ہوئی‘۔ راہول گاندھی نے کہا کہ ’بی جے پی، آر ایس ایس اور وزیراعظم نریندر مودی نے ہمیشہ ہی میرے خاندان کے تئیں نفرت کا اظہار کیا لیکن ہمارا کام اس (نفرت) کو مٹانا ہے۔ انہوں (مودی) نے میرے والد، دادی اور پرنانا کے بارے میں نفرت انگیز احساسات کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے نفرت و برہمی کا اظہار کیا لیکن میں نے ان تک پہونچ کر پیار و محبت کے مظاہرے کے طور پر بغل گیری کی۔ راہول گاندھی نے کہا کہ آپ وزیراعظم ہیں۔ آپ کو چاہئے کہ نفرت و برہمی مٹائیں اور محبت پھیلانے کیلئے کام کریں۔ اس سے آپ کا فائدہ ہوگا۔ میں نریندر مودی سے نفرت نہیں کرتا ۔ خواہ وہ مجھ سے کتنی ہی نفرت کا مظاہرہ کریں۔ وہ جتنا چاہیں میرے خاندان کے خلاف کہیں۔ میں ایسا نہیں کروں گا‘۔ نفرت پر نفرت کے ذریعہ فتح حاصل نہیں ہوسکتی۔ نفرت نہیں بلکہ صرف محبت ہی مودی کو شکست دے سکتی ہے‘۔